حیدرآباد۔/2جولائی، ( این ایس ایس ) تلنگانہ ریاستی حکومت نے قانون حصول اراضی پر موثر عمل آوری کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ حکومت نے اس ضمن میں ایک کابینی ذیلی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے احکام جاری کئے ہیں جس کے مطابق ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی چار ارکان پر مشتمل کمیٹی کی قیادت کریں گے جس میں ریاستی وزراء ٹی ہریش راؤ، ایٹالہ راجندر، کے تارک راما راؤ اور جوگو رامنا شامل ہیں۔ یہ کمیٹی حصول اراضیات کے مقدمات، ہمہ اقسام کی اراضیات پر غیر قانونی قبضوں، مقبوضہ اراضیات کی ضبطی اور دیگر متعلقہ اُمور کا جائزہ لے گی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ریاستی کے سی آر حکومت لینڈ گرابنگ کے واقعات سے نمٹنے میں محتاط رویہ اختیار کررہی ہے ۔
کیونکہ حال ہی میں گروکل ٹرسٹ کی اراضیات پر غیر مجاز قبضوں کے خلاف انہدامی کارروائی پر عوام کے ایک گوشہ بالخصوص عمارتوں کے مالکین نے سخت اعتراض کیا تھا جب جی ایچ ایم سی کے حکام نے ان غیر قانونی عمارتوں کو منہدم کیا تھا۔
ٹاسک فورس ٹیم کو 20سال بعد مطلوب ملزم گرفتار
حیدرآباد۔ /2 جولائی (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس ساؤتھ زون ٹیم نے پولیس کو گزشتہ 20 سال سے مطلوب فرقہ وارانہ نوعیت کا روڈی شیٹر شیخ عباس عرف نعیم کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ۔ بتایا جاتا ہے کہ عباس کی روڈی شیٹ سال 1991 ء میں فلک نما پولیس اسٹیشن میں کھولی گئی تھی اور اس نے فرقہ وارانہ فسادات کے دوران ایک شخص کا قتل کیا تھا ۔ 1992ء میں وہ مہاراشٹرا کے ضلع ناندیڑ منتقل ہوگیا اور بعد ازاں وہ غائب ہوگیا تھا۔