حسین ساگر میں خودکشی کیلئے چھلانگ لگانے والی خاتون کو بچالیا گیا

حیدرآباد /17 فروری ( سیاست نیوز ) حسین ساگر میں خودکشی کیلئے چھلانگ لگانے والی ایک خاتون کو لیک پولیس کے چوکسی دستے نے بچالیا ۔ یہ واقعہ آج شام لپاکشی بلڈنگ کے قریب پیش آیا ۔ جہاں ایک 27 سالہ دپیکا نے حسین ساگر میں چھلانگ لگادی ۔ اس خاتون کی چھلانگ کو دیکھ کر پولیس کے ملازم نے غوتہ لگایا اور اس خاتون کو بچالیا ۔ تقریباً ایک گھنٹہ کونسلنگ کے بعد انسپکٹر لیک پولیس محترمہ جانکماں نے خاتون کے اس کے رشتہ داروں کے حوالے کردیا ۔ کوکٹ پلی علاقہ کی ساکن یہ خاتون بی ایس سی بی ایڈ تعلیم یافتہ ہے جو ایک سال سے اپنے شوہر سے علحدہ رہ رہی تھی ۔ اس کا شوہر ایک بزنس مین ہے ۔ دونوں میاں بیوی میں نااتفاقی سے خاتون نے علحدگی اختیار کرلی تھی ۔ تاہم شوہر نے بچوں کو اپنے پاس ہی رکھ لیا تھا ۔ اس خاتون کو تنہائی پریشان کر رہی تھی ۔ ان کی شادی سال 2002 میں ہوئی تھی اور ان کے دو بچے ہیں ۔ شوہر سے علحدگی اور بچوں سے دوری نے خاتون کو ذہنی تناؤ کا شکار بنادیا تھا ۔ جس سے وہ دلبرداشتہ ہوگئی تھی اور اپنی موت کو ترجیح دیکر اس نے آج حسین ساگر میں چھلانگ لگانے کی کوشش کی ۔ جس کو لیک پولیس نے ناکام بنادیا ۔ لیک پولیس نے اس خاتون کو رشتہ داروں کے حوالے کردیا ۔ انسپکٹر جانکاماں نے بتایا کہ دو دن بعد خاتون کی دوبارہ کونسلنگ کی جائے گی اور شکایت دینے پر خاتون کی رضامندی ہوتو معاملہ کو متعلقہ پولیس اسٹیشن سے رجوع کردیا جائے گا ۔