حیدرآباد /18 فروری ( سیاست نیوز ) پولیس نے حسین ساگر تالاب سے ایک شخص کی نعش برآمد کرلی ہے ۔ جو گذشتہ چند دنوں سے پراسرار طور پر لاپتہ تھا ۔ پولیس رام گوپال پیٹ نے اس شخص کی شناخت 40 سالہ ابراہیم کی حیثیت سے کرلی ہے جو علاقہ بورا بنڈہ کا ساکن تھا۔ پولیس تفصیلات کے مطابق ابراہیم پیشہ سے آٹو ڈرائیور تھا جو گذشتہ ایک ماہ سے بے روزگاری کا شکار تھا اور کام کی تلاش میں گھوم رہا تھا تاہم اسے کام دستیاب نہیں ہو رہا تھا ۔ اس دوران مالی پریشانیوں سے وہ تنگ آچکا تھا ۔ 14 فروری کے دن سے ابراہیم لاپتہ ہوگیا تھا ۔ پولیس سمجھتی ہے کہ ابراہیم نے حسین ساگر میں چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی ہوگی۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔
نیند کی گولیوں کے استعمال سے خودکشی
حیدرآباد /18 فروری ( سیاست نیوز ) میرپیٹ کے علاقہ میں ایک ڈرائیور نے زائد نیند کی گولیوں کا استعمال کرتے ہوئے خودکشی کرلی ۔ پولیس کے مطابق 20 سالہ ہری پرساد جو پیشہ سے ڈرائیور تھا ۔ گاندھی نگر بڈنگ پیٹ میں رہتا تھا ۔ 14 فروری کے دن اس نے زائد نیند کی گولیوں کا استعمال کرلیا تھا ۔جس کی کل رات موت ہوگئی ۔ پولیس میرپیٹ مصروف تحقیقات ہے ۔