حسینی علم میں عاشور خانہ کا ایک حصہ منہدم ‘ ایک جوڑا فوت ‘ دو بچے زخمی

حیدرآباد۔ 4 اکتوبر (سیاست نیوز) شدید بارش کے سبب پرانے شہر کے علاقہ حسینی علم میں عاشور خانہ کا ایک حصہ منہدم ہوجانے سے ایک جوڑا فوت ہوگیا جبکہ ان کے دو بچے شدید زخمی ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ 50 سالہ سید معین اللہ حسینی عرف حیدر اپنی بیوی 43 سالہ قدیرالنساء عرف عالیہ اور دو بچے 12 سالہ سمیرا اور 7 سالہ سید سلیمان کے ہمراہ موسیٰ باؤلی عاشور خانہ سے متصل نقار خانہ کی پہلی منزل پر محو خواب تھے کہ آج صبح 7 بجے چھت اچانک منہدم ہوگئی۔ اس حادثہ میںحیدر اور ان کی بیوی دواخانہ کی منتقلی کے دوران انتقال کرگئے جبکہ ان کے بچے شدید زخمی ہوگئے۔ عاشور خانہ سے متصل نقار خانہ جو باب الداخلہ پر موجود ہے کا حصہ اچانک منہدم ہونے کے ساتھ ہی حسینی علم پولیس فوری حرکت میں آگئی اور جی ایچ ایم سی کے ایمرجنسی اسکواڈ کو طلب کرتے ہوئے ملبے میں دبے ہوئے سلیمان اوسمیرا کو کامیاب طور پر ملبہ سے باہر نکال لیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس چارمینار مسٹر کے اشوک چکروتی کی نگرانی میں جے سی بی کی مدد سے ملبہ کی فی الفور صفائی کی گئی ۔ مقامی عوام نے بھی راحت کاری میں حصہ لیا۔ کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر سومیش کمار اور بی جے پی فلور لیڈر مسٹر کشن ریڈی نے مقام حادثہ کا معائنہ کیا جبکہ ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر محمود علی نے دواخانہ عثمانیہ پہنچ کر زخمی بچوں کی عیادت کی ۔بتایا جاتا ہے کہ عاشور خانہ میں ماہ محرم کی آمد کے پیش نظر گذشتہ چند دنوں سے تزئین نو کا کام جاری ہے ۔ پولیس حسینی علم نے عاشور خانہ میں موجود علم مبارک کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا ۔