حیدرآباد /3 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) حسینی عالم موسی باولی چوراہے کے قریب آج ایک قتل واردات پیش آئی ۔ اراضی تنازعہ کے سبب 58 سالہ مرزا خلیل اللہ بیگ کو 10 افراد نے مجرمانہ سازش کے تحت ان کا قتل کردیا ۔ تفصیلات کے بموجب مقتول آج اپنے مکان سے صبح 9.45 منٹ کو ماروتی ویان میں روانہ ہونے والے تھے کہ دو نامعلوم افراد نے ان پر اچانک درانتی سے حملہ کردیا جسکے نتیجہ میں وہ برسر موقع ہلاک ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ مرزا خلیل اللہ بیگ اور انکے دیگر بھائی مرزا قادر بیگ کے درمیان 112 مربع گز پر مشتمل مکان کے سلسلے میں گذشتہ ایک سال سے تنازعہ چل رہاتھا ۔ اس سلسلے میں ایڈوکیٹ مجیب اللہ شریف اور مقتول کے افراد خاندان کے درمیان جھگڑا ہوا تھا جس میں دونوں فریقوں کے خلاف اقدام قتل اور دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج کئے گئے تھے ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس چارمینار ڈیویژن کے اشوک چکرورتی نے بتایا کہ فروری سال 2016 میں دونوں فریقوں کے درمیان جھگڑا ہوا تھا جس کے نتیجہ میں آج مرزا خلیل اللہ بیگ کا قتل کردیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو شبہ ہے کہ ایڈوکیٹ مجیب اللہ شریف ان کے بھائی اور مقتول کے بھائی دیگر افراد کی مدد سے یہ قتل کی واردات انجام دی گئی ہے ۔ آج صبح واردات کی اطلاع ملنے پر ساؤتھ زون پولیس کی کلوز ٹیم مقامی واردات پر پہونچ گئی اور وہاں سے اہم شواہد اکھٹا کئے ۔ حسینی عالم پولیس نے ایڈوکیٹ مجیب اللہ شریف کے علاوہ مقتول کے بھائی مرزا قادر بیگ اور دیگر 10 افراد کے خلاف قتل اور مجرمانہ سازش کا ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ اس کیس سے تعلق رکھنے والے دو خاطیوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے جبکہ ایڈوکیٹ مجیب اللہ شریف اور دیگر کو گرفتار کرنے کیلئے ٹاسک فورس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔