لاہور۔3 نومبر(سیاست ڈاٹ کام)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے نمبرایک فاسٹ بولر محمد عامر نے کہا ہے کہ دنیا کے نمبرایک بولر حسن علی سمیت کسی سے کوئی خطرہ نہیں ہے اور میرا مقابلہ خود اپنے آپ سے ہے۔ میڈیا سے بات چیت میں محمد عامر نے کہا کہ خود کو فٹ کرنے کے لئے بھر پور محنت کرتا ہوں اور بین الاقوامی مقابلوں میں ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے بہتر سے بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتا ہوں۔آئی سی سی درجہ بندی میں نمبر ون بولر بننے والے حسن علی کو اپنے لئے خطرہ محسوس کرنے کے سوال پر محمد عامر نے کہا کہ ٹیم میں مقابلے کی فضا خوش آئند ہے تاہم میں سمجھتا ہوں میرا اصل مقابلہ خود سے ہے، ٹیم میں لمبے عرصے تک رہنے کے لئے سخت محنت کا سلسلہ مستبقل میں بھی جاری رکھوں گا۔یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان قذافی اسٹیڈیم میں منقعدہ ٹوئنٹی 20 سیریز کے آخری میچ میں بھی محمد عامر نے مہمان ٹیم کے 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔