حسن آباد۔یکم مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حسن آباد ٹاؤن و مضافات میں زائد از 160 ایکر سرکاری اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے جس پر ڈبل بیڈروم اسکیم سے متعلق مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں۔ واضح رہے کہ ریاستی حکومت نے گزشتہ ماہ حسن آباد ٹاؤن کے لئے 160 ڈبل بیڈ روم مکانات منظور کرتے ہوئے مضافات میں تعمیری کاموں کا آغاز کردیا گیا تھا۔ تاہم آئندہ دو سالوں کے دوران مزید 80 ڈبل بیڈروم مکانات کی منظوری کے امکانات کے پیش نظر منڈل حکام نے جملہ 960 مکانات کی گنجائش نہ ہونے کے باعث تعمیری کاموں کو روک کر دوسری سرکاری اراضی مختص کرنے کی ضلع کلکٹر سدی پیٹ کو رپورٹ روانہ کی تھی جس کی رو سے ضلع کلکٹر نے متبادل سرکاری اراضی کی نشاندہی کرنے کی مقامی تحصیلدار و آر ڈی او کو ہدایت جاری کی۔ دو دنوں سے کارروائی کرتے ہوئے انہوں نے حسن آباد کے جنوبی سمت میں موجود زائد از 160 ایکر اراضی کی نشاندہی کی اور تمام ریکارڈ کا باریک بینی سے جائزہ لے کر بتایا کہ زائد ز 30ایکر سرکاری اراضی پر ناجائز قبضہ ہوا ہے ۔ نیز مزید 52ایکر اراضی مختلف ذرائع سے بے زمین خاندانوں میں تقسیم کی گئی تھی۔ تاہم ہنوز اراضی کے پٹہ جات و دیگر مالکانہ حقوق نہیں دیئے گئے۔ مقامی ریونیو حکام کا استدلال ہے کہ 960 ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر ہونے پر ایک بہترین ماڈل کالونی وجود میں آئے گی۔ ٹاؤن سے قربت کے باعث تمام تر سہولیات مکینوں کو حاصل ہوں گے۔
حسن آباد کیلئے منی رویندرا بھارتی
آڈیٹوریم منظور
حسن آباد۔ یکم مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن پارلیمنٹ کریم نگر و ڈپٹی قائد پارلیمان بورڈ ٹی آر ایس مسٹر بی ونود کمار نے آج یہاں کثیرالاشاعت اردو روز نامہ سیاست کے مقامی نمائندہ معین اطہر عثمانی کو ایک ملاقات کے دوران بتایا کہ حلقہ اسمبلی حسن آباد کے مختلف مواضعات میں مختلف اقسام کے فنکاروں و ثقافتی انجمنوں و کارندوں کی کثیر تعداد آباد ہے جنہیں اپنے فنون و مظاہروں کی نمائش کیلئے ایک وسیع و عریض پلیٹ فارم درکار تھا جس کی کمی کو پورا کرتے ہوئے انہوں نے اپنے پارلیمانی ترقیاتی فنڈز سے 40لاکھ روپئے مختص کرتے ہوئے حسن آباد ٹاؤن میںرویندرا بھارتی آڈیٹوریم کے طرز پر ایک سہ منزلہ منی رویندرا بھارتی آڈیٹوریم منظور کیا گیا ہے۔ جس کے لئے ٹاؤن کے کاکتیہ کالونی سے 4ایکر سرکاری اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے۔ آئندہ چند دنوں میں منی رویندرا بھارتی آڈیٹوریم کے تعمیری کاموں کا آغاز کیا جارہا ہے جس کی تعمیر مکمل ہونے پر مختلف ثقافتی پروگرامس و مظاہروں کے انعقاد میں مقامی اداکاروں و انجمنوں کو کافی سہولت پیش ہوگی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وہ اپنے پارلیمانی حلقہ کریم نگر میں تمام طبقات کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے برابر کے مواقع و بڑے پیمانے پر رقومات منظور کرنے کے خواہاں ہیں۔