حسن آباد /6 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حسن آباد سرکل کے تحت موضع جنگم منڈل اکاناپیٹ میں ضلع پریشد ہائی اسکول کے احاطے میں واقع بابائے قوم آنجہانی موہن داس کرم چند گاندھی کے مجسمے پر کل رات بعض نامعلوم اشرار نے حملہ کرتے ہوئے بری طرح نقصان پہونچایا جس میں مجسمے کے کان ناک چشمہ اور دیگر اعضاء ٹوٹ گئے ۔ جس کے منظر عام پر آتے ہی موضع میں سخت کشیدگی پھیل گئی ۔ اطلاع پاکر سرکل انسپکٹر سی ایچ سرینواس جی راؤ نے جائے واقعہ پہونچکر گاندھی جی کے مجسمے کو نقاب لگاکر ڈھانپ دیا نیز خاطیوں کی جلد شناخت و گرفتاری کا عزم ظاہر کیا ۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ موضع جنگم میں بے تحاشہ شراب کی فروخت ہوتی ہے ۔ نیز شرابیوں کی کثیر تعداد رات دیر گئے تک ہائی اسکول کے احاطے میں مئے نوشی میں مصروف رہتی ہے ۔ کل رات بھی کسی نامعلوم شرپسند نے مبینہ طور پر مہاتما گاندھی کے مجسمہ کی توہین کرتے ہوئے توڑ پھوڑ کی ۔