حسن آباد /19 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حلقہ اسمبلی حسن آباد کے مختلف مواضعات میں گذشتہ 3 دنوں سے مسلسل غیر موسمی شدید بارش و ژالہ باری کے سلسلہ جاری ہے جس کے باعث مقامی عوام بالخصوص کسانوں کو شدید مالی نقصانات سے دو چار ہونا پڑ رہا ہے ۔ علاوہ ازیں بجلی گرنے کے واقعات بھی رونما ہو رہے ہیں ۔ سعیدہ پور منڈل کے موضع بوماکل میں آج دوپہر تیز ہواؤں کے ساتھ بجلی گرنے سے 40 سالہ رویندر راؤ نامی کسان جو کہ اپنے فصل کی کٹوائی کے کاموں میں مصروف تھا ۔ بری طرح جھلس کر برسر موقع فوت ہوگیا ۔ حسن آباد منڈل کے موضع گوردھن گری میں آج دوپہر شدید ژالہ باری و بارش کے دوران اچانک بجلی گرجانے کے باعث سی مہیندر ریڈی نامی سرکاری مدارس برسر موقع فوت ہوگیا ۔ اکناپیٹ منڈل کے مختلف مواضعات میں آج بجلی گرنے سے 4 مویشی جن میں ایک گائے دو بچھڑے ایک بھینس شامل ہے فوت ہونے کی اطلاعات یہاں موصول ہئی ہے ۔