محبوب نگر ۔/28 فروری، (راست ) حرا ماڈل ہائی اسکول محبوب نگر کی موجودہ عمارت کے فرسٹ فلور کا افتتاح احاطہ اسکول میں عمل میں آیا جس کی صدارت جناب احمد باشادی بانی و سرپرست اعلیٰ سوسائٹی نے کی۔ تقریب میں بانی سوسائٹی کے مخیر افراد خاندان جو امریکہ میں مقیم ہیں بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کی ۔ جن کے نام مسرز سالم باشادی، ڈاکٹر مصباح، عرفان، زبیر باشادی، اقبال محی الدین ، شجاع الدین اقبال، انیس باشادی ہیں ۔ جلسہ کا آغاز سیدہ فرحین کی قرأت کلام پاک اور ام خیر حسنیٰ کی نعت سے ہوا۔ سالم بن عوض باشادی نے ایک ونگ کو ’’ عوض ونگ ‘‘ کے نام سے اپنے مرحوم والدین کے ایصال ثواب کیلئے افتتاح کیا جبکہ ایک اور عمارت کی ونگ کو ’’ ریان ونگ ‘‘ کو اپنے اسلاف کے ایصال ثواب کیلئے مختص کرتے ہوئے جناب زبیر باشادی نے افتتاح کیا۔ اسکول کے انتظامیہ کی جانب سے بانی سوسائٹی و تمام مخیر احباب کو تہنیت پیش کی گئی۔ جناب ایم اے رحمن جنرل سکریٹری نے تفصیلی طور پر حقائق کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسکول کی تمام اراضی و تعمیر کردہ بلڈنگ جناب احمد باشادی بانی و ارکان خاندان جو امریکہ میں مقیم ہیں ان کی مالی اعانت سے تعمیر کی گئی۔ جناب احمد باشادی تقریباً 20 سال سے حرا اسکول کی سرپرستی کررہے ہیں جو قابل تحسین ہے۔ بعد ازاں مسرز محمد اکبر صدر، ڈاکٹر شیخ سیادت علی ، حلیم بابر، حامد رئیس، ایم اے رزاق نے بھی مخاطب کرتے ہوئے بانی سوسائٹی کی زبردست ستائش کی۔ جواں سال ڈاکٹر فاروق باشادی نائب صدر سوسائٹی نے بھی مخاطب کیا۔ تقریب میں دانشوران ملت مسرز صادق اللہ چیرمین المیوا، یوسف بن ناصر سماجی قائد، شجاعت علی امیر جماعت اسلامی، ہاشمی برادرس، بشیر الدین، بشیر احمد و دیگر نے شرکت کی اور بانی سوسائٹی و ان کے امریکہ میں مقیم مخیر ارکان خاندان کو خراج تحسین پیش کیا۔