مکہ مکرمہ ۔ 19 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) نائب وزیرخج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے انکشاف کیا ہیکہ امسال 18 لاکھ عازمین بیرون مملکت سے ارض مقدس پہنچیں گے۔ ہر سال عازمین کے کوٹہ میں اضافہ ہوگا۔ حجاج کا کوٹہ مشاعر مقدسہ میں انہیں کھپانے کی گنجائش سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزارت حج و عمرہ نے قطر کے حکمرانوں کی جانب سے لاتعلقی کے مظاہرے پر قطری عازمین کے آن لائن اندراج کیلئے حکم جاری کردیا ہے۔ قطری عازمین نے اس کے توسط سے اندراج کا آغاز کردیا۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب تمام ممالک کے عازمین کے ساتھ مساویانہ برتاؤ کرتا ہے۔ ہر ملک کے عازمین کو مطلوبہ سہولتیں فراہم کرنے میں ادنی ہچکچاہٹ سے کام نہیں لیتا۔