حج انتظامات پر ایران ۔ سعودی بات چیت

ریاض ۔ 24 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے وزیرامور حج و  زیارات محمد بن تین نے 2017ء کے سالانہ فریضہ حج میں ایرانی عازمین کی شمولیت کے امکانات پر ایرانی وفد سے بات چیت کی۔ اگرچہ بعض امور پر شدید اختلافات کے سبب ان دونوں ملکوں کے تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں۔ تہران میں سعودی عرب کے سفارتخانہ پر گذشتہ سال ایرانیوں کے مبینہ حملے کے بعد سے ان دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات منقطع ہیں۔ سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارہ ایس پی اے نے کہا کہ اس مملکت کے وزیرامور حج و زیارات محمد بن تین نے رواں سال کے مناسک حج میں ایرانی عازمین کی شمولیت سے متعلق ایران کے انتظامات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ سعودی وزیر اور ایرانی وفد کے درمیان گذشتہ روز جدہ میں بات چیت ہوئی تھی جس کی مزید تفصیلات کا انکشاف نہیں کیا گیا ہے۔ ایران کے 64000 عازمین نے گذشتہ سال فریضہ حج ادا نہیں کیا تھا کیونکہ سیکوریٹی انتظامات پر دو علاقائی حریفوں ایران اور سعودی عرب کے درمیان اتفاق نہیں ہوا تھا۔