حجاج کرام کے بچوں کیلئے مفت نرسریز کی خدمات

ریاض ۔ 7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جاریہ سال حج کے سیزن کے دوران حجاج کرام کے بچوں کے لیے نرسری اور کنڈرگارٹن کی سہولیات پیش کرنے کے سلسلے میں حتمی طور پر تین پیکجز پر اتفاق رائے سامنے آیا ہے۔عربی روزنامہ ’’مکہ‘‘کے مطابق تین متعلقہ سرکاری ادارے ان موسمی نرسریز کے منصوبے کو حتمی شکل دینے کے بعد خادم حرمین شریفین کے مشیر ، مکہ مکرمہ کے گورنر اور حج کی مرکزی کمیٹی کے سربراہ شہزادہ خالد الفیصل کو منظوری کے لیے پیش کریں گے۔تفصیلات کے مطابق پہلا پیکج (انویسٹمنٹ پیکج) جو گزشتہ حج سیزن میں بھی لاگو ہوا تھا وہ اسی طرح رہے گا۔ اس پیکج میں اپنے بچوں کے لیے سروس لینے والے حجاج کرام کو فی بچہ 2500 سعودی ریال ادا کرنا ہوں گے۔ دوسرا پیکج (فری پیکج) اس سال پہلی مرتبہ تجرباتی بنیادوں پر متعارف کرایا جا رہا ہے۔ اس پیکج کے تحت رفاہی اور فلاحی اداروں اور تنظیموں کی معاونت سے 200 بچوں کو خدمات پیش کی جائیں گی۔ اس سلسلے میں مکہ مکرمہ کی ام القری یونیورسٹی بچوں کی صحت کی دیکھ بھال اور طبی خدمات کے واسطے 90 مرد اور خواتین نرسوں کا انتظام کرے گی۔ تیسرا پیکج انویسٹمنٹ اور فری کو ضم کر کے تشکیل دیا گیا ہے۔ اس کے تحت حجاج کرام کو فی بچہ 2500 ریال کے بجائے 1000 ریال ادا کرنا ہوں گے … اور مذکورہ ادارے ان بچوں کو کھانا اور طبی خدمات پیش کریں گے۔مکہ مکرمہ کے گورنر شہزادہ خالد الفیصل نے گزشتہ برس حج سیزن کے اختتام کے بعد ہدایت جاری کی تھی کہ آئندہ سالوں کے حج سیزنوں میں نرسریز کے کام کو بہتر بنایا جائے تا کہ یہ شعبہ بھی مملکت کی جانب سے حجاج کرام کو فراہم کی جانے والی دیگر خدمات اور سہولیات کے ساتھ ہم آہنگ ہو سکے۔