نئی دہلی ۔ /2 اگست (سیاست ڈاٹ کام) /9 اگست کو ہندوستان چھوڑدو تحریک کی 75 ویں سالگرہ پر وزیراعظم نریندر مودی ملک گیر سطح پر بی جے پی کی 15 روزہ بڑے پیمانے کی مہم کا آغاز کریں گے تاکہ پورے ملک میں حب الوطنی کے جذبے کا احیاء کیا جاسکے ۔ مہم کا نام ’’ 70 سال آزادی یاد کرو قربانی‘‘ رکھا گیا ہے ۔ یہ ملک گیر سطح پر 15 دن تک چلائی جانے والی بی جے پی کی زبردست مہم ہوگی اور 23 اگست تک جاری رہے گی ۔ مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات وینکیا نائیڈو نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پروگرام کو بی جے پی کے پارلیمانی اجلاس میں قطعیت دی گئی ہے ۔ پروگرام کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے وینکیا نائیڈو نے کہا کہ 75 وزراء کم از کم فی کس دو مجاہدین آزادی سے ملاقات کریں گے اور دو مقامات کا دورہ کریں گے۔ ایسے 150 مقامات کی نشاندہی کی جاچکی ہے ۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ کاکوری مقدمہ ، جلیان والا باغ قتل عام ، ڈانڈی مارچ اور ہندوستان چھوڑدو تحریک جیسے واقعات کی یاد تازہ کی جائے گی ۔ مرکزی وزراء متعلقہ مقامات کا دورہ کریں گے اور جنگ آزادی کے قائدین کو خراج عقیدت پیش کریں گے ۔ خاتون وزراء سرحدی علاقوں کا دورہ کریں گی اور رکھشا بندھن کے دن فوجیوں کو راکھی باندھیں گی جو اس مہم کی مدت کے دوران واقع ہورہا ہے ۔ پارٹی کی ہر رکن پارلیمنٹ اپنے اپنے حلقہ انتخاب میں/15 تا /22 اگست ترنگا یاترا کرے گی ۔ قومی پرچم کے ساتھ جلوس نکالیں گی ۔