حیدرآباد ۔ /25 مئی (سیاست نیوز) حاملہ بیوی کو شدید زدوکوب کرنے اور اسے اذیت دینے کے خلاف پولیس لنگر حوض نے ایک شخص کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 31 سالہ کے جیوتی جو پیشہ سے اسٹاف نرس ہے اور وہ پیٹلہ برج میٹرنیٹی ہوم میں ملازمت کرتی ہے ۔ اس کی شادی 6 سال قبل ویب ڈیزائنر پرشانت کمار سے ہوئی تھی اور اسے ایک لڑکی بھی ہے ۔ جیوتی دوبارہ حاملہ ہے اور اسے مزید جہیز کیلئے ہراساں کرتے ہوئے شوہر پرشانت کمار نے جھگڑے کے بعد اس کے جسم پر استری سے چرکے دیئے تھے ۔ متاثرہ خاتون کو نانل نگر کے ایک ہاسپٹل میں علاج کیلئے شریک کیا گیا اور اس کی شکایت پر شوہر اور سسرالی رشتہ داروں کے خلاف مزید جہیز کی ہراسانی کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ۔