کوٹگیر۔/5مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نظام ساگر میں گذشتہ دو روز قبل ہوئی تیز طوفانی بارش کے باعث ایک جھونپڑی میں محو خواب شخص سواجی 45سالہ جھونپڑی میں پانی داخل ہونے پر نیند کی حالت میں غرقاب ہوگیا۔ تفصیلات کے بموجب نوی پیٹ منڈل سے تعلق رکھنے والا سواجی شہد کا کاروبار کرنے نظام ساگر پہنچا۔ دن کے اوقات میں سڑک پر شہد فروخت کرکے رات میں ایک بوسیدہ لاوارث جھونپڑی میں محو خواب تھا۔ شبہ کیا جارہا ہے کہ متوفی نشہ کی حالت میں تھا۔ کل مقامی افراد نے پولیس میں شکایت درج کروائی۔ سرکل انسپکٹر مسٹر رمنا اور سب انسپکٹر انتی ریڈی نے جائے واقعہ کا معائنہ کیا اور ایک مقدمہ درج رجسٹر کرکے نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے گورنمنٹ ہاسپٹل منتقل کردیا۔
کے ٹی آر کی گلپوشی
گمبھی راؤ پیٹ۔/5مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گمبھی راؤ پیٹ کے ٹی آر ایس قائد سعید ولایت اللہ نے رکن اسمبلی حلقہ سرسلہ تارک راما راؤ کی دہلی سے واپسی کے بعد پہلی مرتبہ آمد پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے شال پوشی وگلپوشی کی اور ان سے حلقہ کے اقلیتوں کی ترقی کیلئے نیک توقعات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ٹی آر ایس کے دیگر قائدین احمد علی، عباد اللہ خان، سعید جمشید علی، محبوب علی، مشتاق احمد، معیز، ڈاکٹر راجہ رام، دیاکر راؤ، لنگم یادو وغیرہ موجود تھے۔
اسسٹنٹ فائیر آفیسر رشوت لیتے ہوئے گرفتار
کرنول۔/5مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اینٹی کرپشن بیورو کی ٹیم نے آج مسٹر جی رمنا اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ فائیر آفیسر کرنول کو شکایت کنندہ سے NOC جاری کرنے کیلئے 70 ہزار روپئے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ بعد ازاں انہیں کرنول میں واقع اے سی بی کی خصوصی عدالت میں پیش کردیا گیا۔