611 افراد جیل منتقل، 3082 ڈرائیورس گرفتار
حیدرآباد ۔ یکم / اگست (سیاست نیوز) حالت نشہ میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف حیدرآباد ٹریفک پولیس ہنوز خصوصی مہم جاری رکھے ہوئے ہے جس کے نتیجہ میں جولائی کے مہینے میں 611 افر اد جو حالت نشہ میں گاڑی چلاتے ہوئے پائے گئے تھے کو جیل بھیجا گیا ۔ تفصیلات کے بموجب حیدرآباد ٹریفک پولیس نے دونوں شہروں میں حالت نشہ میں ڈرائیونگ کے خلاف خصوصی مہم جاری رکھتے ہوئے 3082 ڈرائیورس کو گرفتار کرلیا جو حالت نشہ میں گاڑی چلاتے ہوئے پائے گئے ۔ ان کے خلاف چارج شیٹ بھی داخل کی گئی تھی اور انہیں نامپلی اسپیشل میٹرو پولیٹین کورٹس کے اجلاس پر پیش کیا گیا جس کے نتیجہ میں 611 ڈرائیورس کو جیل بھیجا گیا ۔ 86 افراد کے ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کئے گئے ۔ عدالت نے 2385 ڈرائیورس کو 66 لاکھ 77 ہزار جرمانہ عائد کیا ہے ۔ ٹریفک پولیس کی کارروائی پر 16 ڈرائیونگ لائسنس کو مستقل طور پر منسوخ کردیا گیا ہے جبکہ 70 ڈرائیونگ لائسنس کو پانچ اور اس سے کم وقفہ کی مدت تک منسوخ کیا گیا ہے ۔ اس کارروائی میں ٹریفک پولیس نے 12 کم عمر ڈرائیورس کو بچوں کی جیل بھیجا ہے ۔