حیدرآباد ۔ /23 فبروری ۔ (سیاست نیوز) نشے میں دھت سافٹ ویر انجنیئر نے جوبلی ہلز علاقہ میں کل رات دیر گئے پارک کی ہوئی گاڑیوں کو ٹکر دیدی جس کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ وکرم جو مادھاپور میں واقع ایک سافٹ ویر کمپنی میں ملازمت حاصل کی اور گزشتہ ہفتہ امریکہ سے حیدرآباد واپسی کے موقع پر اپنے دوستوں کے ساتھ پب میں مئے نوشی کرکے اپنی بی ایم ڈبلیو کار میں مکان واپس لوٹ رہا تھا کہ اس نے اچانک گاڑی کا توازن کھودیا اور جوبلی ہلز چیک پوسٹ کے قریب پارک کی ہوئی 6 گاڑیوں کو روند دیا ۔ اس واقعہ میں وکرم بھی زخمی ہوگیا اور پولیس نے اسے دواخانہ منتقل کیا جہاں پر ڈاکٹروں نے حالت نشہ میں ہونے کی توثیق کی ۔ سافٹ ویئر انجنیئر کے خلاف جوبلی ہلز پولیس نے حالت نشہ میں ڈرائیونگ اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا ۔