راجیو گاندھی چمپئن شپ میں 13ٹیموں کی شرکت ‘ وی ہنمنت راؤ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔4جنوری ( سیاست نیوز) کرکٹ فیڈریشن آف حیدرآباد کی جانبسے 7تا 10جنوری حیدرآباد میں راجیو گاندھی انٹرنیشنل انڈر 19 ڈے اینڈ نائیٹ لیگ کرکٹ چمپئن شپ کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔ پہلا میچ حیدرآباد اور پاکستان کے درمیان کھیلا جائے گا ‘ آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سکریٹری آئی سی سی و صدرنشین کرکٹ فیڈریشن آف انڈیا مسٹر وی ہنمنت راؤ نے یہ بات کہی۔ اس موقع پر کانگریس قائدین مسٹر لکشمن یادو اور مسٹر سریکانت گوڑ بھی موجود تھے ۔ مسٹر ہنمنت راؤ نے کہا کہ 7جنوری کو صبح 9.30 بجے سابق مرکزی وزیر مسٹر طارق انور حیدرآباد بمقابلہ پاکستان میچ کا افتتاح کریں گے ۔ 10جنوری کو فائنل میچ میں ریاستی وزیر کرناٹک مسٹر روشن بیگ چمپئن شپ میں جملہ 13 ٹیمیںحصہ لے رہی ہیں ‘ جن 4 انٹرنیشنل ٹیمیں پاکستان ‘دبئی ‘ سری لنکا اور ملائیشیا شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ 9مقامی ٹیمیں ٹاملناڈو ‘ مہاراشٹرا ‘ہریانہ ‘ تلنگانہ ‘ پونا‘حیدرآباد ‘ پنجاب اور آندھراپردیش شامل ہیں ۔ 13ٹیموں کو تین پولس میں تقسیم کردیا گیا ہے ‘ ٹورنمنٹ کے مقابلے ایل بی اسٹیڈیم ‘ وجئے آنند گراؤنڈ عطا پور ‘ واٹر ورک گراؤنڈ عنبر پیٹ پر کھیلے جائیں گے ۔ دیہی علاقوں کے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے یہ ٹورنمنٹ منعقد کیا جارہا ہے ۔ فائنل میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم کو ٹرافی کیساتھ 50ہزار روپئے انعام دیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ دوسرے ترغیبی انعامات بھی شامل رہیں گے ۔