نئی دہلی 9 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر برائے اغذیہ رام ولاس پاسوان نے آج جے ڈی یو ۔ آر جے ڈی اتحاد کے آئندہ سال بہار میں اسمبلی انتخابات تک برقرار رہنے کے امکانات کو مسترد کردیا۔ اُنھوں نے غیر کانگریسی اور غیر بی جے پی پارٹیوں کو متحد کرنے کی کوششوں کو بھی اِسی لب و لہجہ میں مسترد کرتے ہوئے کہاکہ مایاوتی، ملائم سنگھ یادو، بائیں بازو کی پارٹیاں اور ترنمول کانگریس نہ کبھی متحد ہوسکتی ہیں اور نہ متحد رہ سکتی ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ لالو اور نتیش متحدہ طور پر مقابلہ نہیں کرسکتے اِس لئے وہ اپنا اتحاد برقرار بھی نہیں رکھ سکیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ جب سیلاب آئے گا تو سانپ، بچھو اور چوہے سب ایک ہی درخت پر چڑھ جاتے ہیں اور وہاں متحد ہوکر رہتے ہیں۔ جیسا کہ نریندر مودی لہر نے سیاسی پارٹیوں میں اتحاد پیدا کردیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ جب بہار میں اسمبلی انتخابات منعقد ہوں گے تو آر جے ڈی اور جے ڈی یو متحدہ طور پر مقابلہ نہیں کرسکیں گے بلکہ اُسی طرح الگ ہوجائیں گے جیسے کہ بی جے پی اور شیوسینا اور کانگریس اور این سی پی ایک دوسرے سے الگ ہوچکے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ بی جے پی اور شیوسینا ، کانگریس اور این سی پی مہاراشٹرا میں متحدہ طور پر انتخابات میں حصہ نہیں لے سکے۔ اِسی طرح آر جے ڈی اور جے ڈی یو بھی بہار میں متحدہ طور پر اسمبلی انتخابات کے لئے مقابلہ نہیں کرسکیں گے۔ دونوں 10 سال تک ایک دوسرے کے کٹر حریف رہ چکے ہیں اور اپنی اپنی پارٹی کے کارکنوں کے دباؤ پر اُن کا موجودہ اتحاد قائم ہوا ہے۔ اِس اتحاد کے پائیدار ہونے کی توقع نہیں رکھی جاسکتی۔ آئندہ سال بہار اسمبلی انتخابات کے لئے جب نشستوں کی تقسیم کا مسئلہ درپیش ہوگا ، دونوں پارٹیاں بھی متحد نہیں رہ سکیں گی۔ لوک سبھا انتخابات میں نریندر مودی لہر نے اُنھیں یکجا کردیا ہے۔