جی ایس ٹی کی وجہ سے ضلع محبوب نگر کے آبپاشی پراجکٹس پر 1352 کروڑ روپئے کا بوجھ

محبوب نگر ۔ 2؍ جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گوڈس سرویس ٹیکس کا اثر متحدہ ضلع محبوب نگر کے اہم پروجکٹس پر بھی پڑا ہے ۔ پالمور ‘ رنگاریڈی ‘ کوئل ساگر ‘ راجیو بھیما‘ نیٹم پاڈو ‘ کلواکرتی لفٹ اریگیشن کے علاوہ مشن کاکتیہ اور بھگیرتا بھی بری طرح متاثر ہوئے ہیں ۔ جملہ 1352 کروڑ کا زائد بوجھ اٹھانا ناگزیر ہوگیا ہے ۔ جی ایس ٹی کی نفاذ سے پروجیکٹس پر 5 فیصد سے بڑھ کر 18 فیصد ٹیکس عائد ہونے سے ریاستی حکومت کو بھاری امکانی بوجھ کا سامنا ہے اور حکومت تشویش میں مبتلاء ہے ۔ ریاستی حکومت نے مرکز سے نمائندگی کی ہے کہ وہ حکومت کی اسکیمات کو ٹیکس سے مستتثنیٰ کرے ۔ متحدہ ضلع کے پروجکٹس پر جی ایس ٹی کے اضافی بوجھ سے پروجیکٹس کی تعمیری لاگت میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوگا ۔