نئی دہلی ۔ 25 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام) : سینئیر کانگریس لیڈر پی چدمبرم نے آج بتایا کہ کرناٹک کابینہ کا فیصلہ کل منعقد ہوگا ۔ جس میں غیر محسوب اثاثہ جات کیس میں چیف منسٹر تاملناڈو جیہ للیتا کو بری کیے جانے کے خلاف اپیل دائر کرنے کے مسئلہ پر فیصلہ کیا جائے گا ۔ مسٹر چدمبرم نے اس مسئلہ پر مزید کوئی تبصرہ سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسئلہ حکومت کرناٹک کے پاس زیر غور ہے اور کرناٹک کابینہ آج یا کل فیصلہ کرے گی ۔ تاملناڈو کے متوطن سابق مرکزی وزیر چدمبرم جو کہ سپریم کورٹ کے سینئیر ایڈوکیٹ بھی ہیں اس مسئلہ پر پارٹی ہائی کمان کو اپنے نقطہ نظر سے واقف کروایا ۔ قبل ازیں کرناٹک میں حکمران کانگریس کے لیگل سیل نے ریاستی حکومت کو مشورہ دیا تھا کہ جیہ للیتا کی برات کے خلاف اپیل دائر نہ کی جائے اور کہا کہ کرناٹک میں حکمرانی انتظامیہ تک محدود ہے اور عدلیہ میں مداخلت مناسب نہیں ہے اور کرناٹک ہائی کورٹ کے فیصلہ کا حکومت کو فریق نہیں بننا چاہئے ۔