جیہ للیتا کو بری کئے جانے کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست

چیف منسٹر ٹاملناڈو اور دیگر تین افراد کو نوٹس اور جواب طلبی
نئی دہلی 27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )سپریم کورٹ نے آج ٹاملناڈو کیچیف منسٹر جیہ للیتا اور دیگر تین افراد سے ان اپیلوں پر جواب طلب کیا ہے جو غیر متناسب اثاثوں کے مقدمہ میں کرناٹک ہائی کورٹ کی جانب سے انہیں ہری کئے جانے کے خلاف دائر کی گئی ہیں ۔ جسٹس پی سی گھوس اور جسٹس آر کے اگروال پر مشتمل ایک بنچ نے جیہ للیتا کے قریبی ’ سہیلی‘ سسی کلا اور ان کے دو رشتہ داروں وی این سدھا کرن اور ایلو ‘راسی کو بھی نوٹس جاری کئے ہیں اور اندرون آٹھ ہفتے جواب داخل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔کرناٹک ہائی کورٹ نے جیہ للیتا اور دوسروں کو بری کرتے ہوئے 11 مئی کو معلنہ اپنے فیصلہ میں کہا تھا کہ خصوصی عدالت کی طرف سے آل انڈیا انا ڈی ایم کے کی سربراہ کو جس انداز میں جرم کا مرتکب قرار دیا گیا تھا وہ قانونی گنجائش سے ہم آہنگ نہیں ہے۔اس فیصلے کے بعد ہی چیف منسٹر ٹاملناڈو کے عہدہ پر جیہ للیتا کے دوبارہ فائز ہونے کی راہ ہموار ہوئی تھی ۔ تاہم ایک ایڈوکیٹ جوزف ارسٹوٹل کے ذریعہ دائر کردہ درخواست میں ادعا کیا گیا ہے کہ کرناٹک ہائی کورٹ نے جیہ للیتا کے غیر متناسب اثاثوں کے تخمینہ میں غلطی کی ہے۔