نئی دہلی۔/16 مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب امریندر سنگھ نے کہا کہ بی جے پی لیڈر ارون جیٹلی کو امرتسر سے مقابلہ کرنے کا مشورہ دراصل شرومنی اکالی دل نے دیا تھا جو سوائے انہیں ( جیٹلی) گمراہ کرنے کے اور کچھ نہیں تھا۔ اخباری نمائندوں نے امریندر سنگھ سے پوچھا تھا کہ کیا شرومنی اکالی دل کا وہ فیصلہ درست تھا جہاں اس نے ارون جیٹلی کو امرتسر سے مقابلہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ جس کا جواب دیتے ہوئے امریندر سنگھ نے کہا کہ خود ان کا بھی یہی خیال ہے کہ اکالیوں نے ارون جیٹلی کو گمراہ کیا کیونکہ عرصہ دراز تک اقتدار میں رہنے کے باوجود اکالی خود بھی عوامی رابطہ میں نہیں رہے۔بہرحال، امریندر سنگھ نے کہا کہ انہیں قطعی نتائج کا ہنوز انتظار ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دفاعی موقف اختیار کرتے ہوئے جنگیں نہیں لڑی جاسکتیں۔ اس موقع پر امرتسر میں انتخابی نتائج کے رجحان کے بارے میں شرومنی اکالی دل کے لیڈر نریش گجرال نے کہا کہ انہیں امرتسر کے نتائج کے رجحان دیکھ کر بڑا تعجب ہوا۔ میرا خیال ہے کہ کم رائے دہی تناسب کی وجہ سے امرتسر میں جیٹلی کی کامیابی کے امکانات موہوم ہوئے۔
یو پی میں بی ایس پی کا برا حال
لکھنؤ۔/16مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) بہوجن سماج پارٹی جس کی قیادت یو پی کی سابق وزیر اعلیٰ مایاوتی کرتی ہیں، کو شکست فاش کا سامنا ہے کیونکہ ووٹوں کی گنتی کی تازہ ترین صورتحال کے مطابق مایاوتی جنہیں پسماندہ اور پچھڑے طبقات کا مسیحا سمجھا جاتا ہے۔ ریاست کی 80نشستوں میں کہیں بھی آگے نہیں ہے۔ امید کی ایک کرن سیتا پور نشست پر نظر آرہی تھی جہاں گنتی کے ابتدائی مرحلہ میں پارٹی امیدوار قیصر جہاں اپنے امیدواروں سے آگے چل رہی تھیں لیکن جیسے جیسے گنتی آگے بڑھنے لگی، قیصر جہاں سبقت برقرار نہیں رکھ سکیں اور اب تازہ ترین صورتحال یہ ہے کہ موصوفہ بی جے پی کے راجیش ورما کے مقابلے 17407 ووٹوں سے پیچھے ہیں۔ اس کے باوجود بھی پارٹی 34نشستیں حاصل کرکے دوسری پوزیشن حاصل کرنے کوشاں ہیں۔