جیٹلی راجیہ سبھا کے قائد ایوان اور آزاد قائد اپوزیشن نامزد

نئی دہلی ۔ 9 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیر مالیات ارون جیٹلی کو آج راجیہ سبھا میں قائد ایوان نامزد کیا گیا جبکہ کانگریس کیسینئر قائد غلام نبی آزاد کو قائد اپوزیشن نامزد کیا گیا۔ صدرنشین راجیہ سبھا حامد انصاری نے لوک سبھا انتخابات کے بعد ایوان بالا کے پہلے اجلاس میں آج یہ اعلان کیا۔ حامد انصاری نے کہا کہ وزیر پارلیمانی امور ایم وینکیا نائیڈو نے انہیں 2 جون کو مکتوب تحریر کیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ارون جیٹلی راجیہ سبھا میں قائد ایوان ہوں گے جبکہ غلام نبی آزاد کو قائد اپوزیشن بنائے جانے کے بارے میں مکتوب انہیں کل ملا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ قبل ازیں سابقہ یو پی اے حکومت میں ارون جیٹلی راجیہ سبھا میں قائد اپوزیشن تھے جبکہ غلام نبی آزاد وزیر صحت تھے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی دلچسپ ہوگا کہ ارون جیٹلی اور غلام نبی آزاد بالترتیب پنجاب اور اودھم پور سے انتخابات ہار چکے ہیں لیکن ان کی راجیہ سبھا رکنیت کی میعاد ہنوز اختتام پذیر نہیں ہوئی ہے۔ ارون جیٹلی کو کانگریس کے امریندر سنگھ سے اور غلام نبی آزاد کو بی جے پی کے جتندر سنگھ کے مقابلے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔