کراچی ، 23 جون (سیاست ڈاٹ کام) چمپینس ٹرافی کی فاتح پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ یہ جیت پاکستان کرکٹ کو بہت آگے لے کر جائے گی لیکن اس کیلئے تمام کھلاڑیوں کو مستقل مزاجی سے کارکردگی دکھانی ہوگی۔ سرفراز نے کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر بی بی سی اردو سرویس کے عبدالرشید شکور کو خصوصی انٹرویو میں کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ عمدہ کارکردگی کے اس تسلسل کو برقرار رکھا جائے۔سرفراز کا کہنا ہے کہ چمپینس ٹرافی کی فتح نے پاکستانی کرکٹرز کو نیا حوصلہ اور اعتماد دیا ہے اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ تمام کھلاڑیوں نے اپنا فطری کھیل کھیلا ہے۔سرفراز کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم پر بہت زیادہ تنقید ہوتی رہی ہے کہ وہ عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق کرکٹ نہیں کھیل رہی، جب وہ کپتان بنے تو انھوں نے اپنے تجربے کی بنیاد پر کھلاڑیوں سے صرف یہ بات کہی کہ وہ جو کھیل ڈومیسٹک کرکٹ میں کھیلتے ہیں اسی بے خوفی اور اعتماد کے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی کھیلیں۔ نوجوان کرکٹرز نے اس پر عمل کیا، نتیجہ سب کے سامنے ہے۔ سرفراز اپنا بیٹنگ آرڈر اوپر کرنے کے حق میں نہیں ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ بابر اعظم، محمد حفیظ اور شعیب ملک کے بیٹنگ آرڈر کو اس وقت چھیڑنا مناسب نہیں کیونکہ یہ تینوں اس وقت اچھی کارکردگی دکھارہے ہیں۔