جیت تو گئے مگر مطمئن نہیں ہوا: وقار

لاہور ، 25 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ زمبابوے کے خلاف دونوں ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل میچز جیتنے کے باوجود وہ ٹیم کی مجموعی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔ پاکستان نے زمبابوے کے خلاف پہلا ٹی 20 پانچ وکٹوں اور دوسرا میچ دو وکٹوں سے جیت کر عالمی درجہ بندی میں اپنی پانچویں پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ وقار نے کہا کہ پاکستانی ٹیم زمبابوے سے بہتر ہے اور انھیں یہی توقع تھی کہ پاکستان دونوں میچز جیت جائے گا لیکن جتنی سخت مسابقت کے بعد کامیابی حاصل ہوئی اس سے جیت کی زیادہ خوشی نہیں ہوئی۔ انھوں نے کہا: ’’اگر ہمیں دوسری ٹیموں کو چیلنج کرنا ہے تو کئی چیزیں ٹھیک کرنی ہوں گی۔‘‘