جہیز ہراسانی ‘ شادی کی پہلی سالگرہ کے دن خاتون کی خودکشی

حیدرآباد ۔ 26 مارچ ( سیاست نیوز) مسلسل جہیز کے لئے ہراساں کئے جانے کے نتیجہ میں خاتون نے شادی کی پہلی سالگرہ کے دن پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ بتایا جاتاہے 30 سالہ بھاگیہ لکشمی کی شادی گذشتہ 25 مارچ کوگوگل کمپنی کے ملازم ششی دھر سے ہوئی تھی ۔بھاگیہ لکشمی جو خانگی ادارہ میں ملازمت کیاکرتی تھی کو مزید جہیز کے لئے اس کے شوہر اور سسرالی رشتہ داروں کی جانب سے مسلسل ہراساں کیا جا رہا تھا ۔ اس سلسلہ میں بھاگیہ لکشمی نے ویمن پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تھی۔شوہر کی جانب سے ہراسانی کا شکار خاتون کو اس کی برہنہ تصاویر سوشل میڈیا پر عام کرنے کی دھمکی اور اس کی مکمل تنخواہ اسے دینے کے دباو سے دلبرداشت ہو کر بھاگیہ لکشمی نے پھانسی لے کر خودکشی کرلی ۔ متوفیہ خاتون کے باپ کرشنا نے یہ الزام عائد کیا کہ شادی کے وقت داماد کو 30 لاکھ بطور رقم دیئے تھے ۔ بیگم پیٹ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغازکیا اور نعش کو دواخانہ گاندھی کے مردہ میں بغرض پوسٹ مارٹم منتقل کیا ۔