حیدرآباد 5 مئی (سیاست نیوز)مزید جہیز کی ہراسانی سے دلبرداشتہ دو خواتین نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔ پہلا واقعہ کالا پتھر پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آیا ۔ پولیس کے بموجب 19 سالہ سمرین النساء جس کی شادی 6 ماہ قبل اندرا نگر کالا پتھر کے ساکن محمد اکبر سے ہوئی تھی ۔ بتایا جاتا ہے کہ شادی کے بعد سے ہی شوہر اور سسرالی رشتہ داروں کی جانب سے مزید جہیز کیلئے ذہنی اور جسمانی اذیتیں دی جارہی تھی۔ جس سے سمرین دلبرداشتہ ہوئی تھی۔ کل رات دیر گئے سمرین نے اندرا نگر میں واقع اپنے سسرالی مکان میں انتہائی اقدام کرتے ہوئے پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔ کالا پتھر پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے نعش پوسٹ مارٹم کیلئے دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا ۔ شوہر محمد اکبر اور دیگر سسرالی رشتہ داروں کے خلاف انسپکٹر کالا پتھر مسٹر محمد ماجد نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ اسی قسم کے ایک اور واقعہ میں علاقہ کوتہ پیٹ میں 29 سالہ بی سریتا نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ چیتنیا پوری پولیس کے بموجب سریتا کی شادی کوتہ پیٹ کے ساکن راجندر سے سال 2007 میں ہوئی تھی اور انہیں ایک لڑکا بھی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ گذشتہ چند ماہ سے راجندر سریتا کو مزید جہیز کیلئے ہراساں کرتے ہوئے اسے ذہنی اور جسمانی اذیتیں دے رہا تھا جس سے وہ دلبرداشتہ ہوکر پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔ چیتنیا پوری پولیس نے سریتا کی نعش کا پوسٹ مارٹم کرواکر شوہر راجندر اور دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ۔