جہیز کے لیے ہراسانی پر دو خواتین کی خود کشی

حیدرآباد ۔ 28 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز): شہر حیدرآباد میں زائد جہیز کے لیے ہراسانی سے تنگ آکر دو خواتین نے خود کشی کرلی ۔ یہ دو علحدہ واقعات رین بازار اور کلثوم پورہ پولیس حدود میں پیش آئے ۔ رین بازار انسپکٹر مسٹر رمیش کے مطابق 21 سالہ ثنا خاں جو مدینہ نگر بی بلاک یاقوت پورہ علاقہ کے ساکن سرفراز خاں کی بیوی تھی ۔ ان کی شادی دسمبر 2012 میں ہوئی تھی ۔ اور ان کی ایک 5 ماہ کی بچی بھی ہے ۔ میاں بیوی میں پیسوں کو لے کر جھگڑا چل رہا تھا ۔ آج ثنا نے انتہائی اقدام کرتے ہوئے پھانسی لے لی ۔ تاہم فوری اس خاتون کو پھانسی کے پھندے سے اتارا گیا تاہم وہ فوت ہوگئی ۔ انسپکٹر نے یہ بات بتائی اور کہا کہ رشتہ داروں کے الزامات اور ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے ۔ جب کہ کلثوم پورہ کے علاقہ میں 30 سالہ کویتا نے آج صبح پھانسی لے کر خود کشی کرلی ۔ کویتا ضیا گوڑہ علاقہ کے ساکن وینکٹیش کی بیوی تھی ۔ ان کی شادی سال 2005 میں ہوئی تھی اور ان کے دو بچے ہیں ۔ وینکٹیش اپنی بیوی کو زائد جہیز کے لیے ہراساں و پریشان کررہا تھا جس سے تنگ آکر کویتا نے انتہائی اقدام کرتے ہوئے خود کشی کرلی ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔۔