حیدرآباد۔/9فبروری، ( سیاست نیوز) مزید جہیز کیلئے ہراسانی کا شکار خاتون دواخانہ عثمانیہ میں فوت آج ہوگئی۔ بتایا جاتا ہے کہ 32سالہ ورشا سنگھ ساکن کتہ پیٹ اسنا پور کو 5فبروری کو اس کے شوہر پریتم سنگھ نے مبینہ طور پر اس کے مکان میں کیروسین چھڑک کر آگ لگادی تھی۔ اس واقعہ میں ورشا 80فیصد جھلس گئی تھی جس کے سبب اسے دواخانہ عثمانیہ میں شریک کیا گیا تھا لیکن وہ اپنے زخموں سے جانبر نہ ہوسکی۔ پٹن چیرو پولیس کے بموجب ورشا کی شادی پریتم سنگھ سے سال 2006ء میں ہوئی تھی اور شادی کے فوری بعد ہی اس کے شوہر اور سسرالی رشتہ داروں نے مزید جہیز کیلئے ہراساں شروع کردیا تھا جس کے نتیجہ میں ورشا سنگھ نے سرور نگر پولیس اسٹیشن میں ایک شکایت درج کرائی تھی اور شوہر نے عدالت میں پیش ہوکر اپنی بیوی سے اس معاملہ کی یکسوئی کرلی تھی۔
لیکن پریتم سنگھ اپنی حرکتوں سے باز نہیں آیا اور وہ مسلسل بیوی کو ہراساں کرتا رہا اور کئی مرتبہ حالت نشہ میں شدید زدوکوب بھی کیا تھا۔ 5فبروری کو بھی نشہ میں دھت پریتم سنگھ نے ورشا کو نذرآتش کردیا تھا اور وہ آج فوت ہوگئی۔پٹن چیرو انسپکٹر مسٹر شنکر ریڈی نے بتایا کہ شوہر اور اس کے والدین کے خلاف قتل اور مزید جہیز کیلئے ہراسانی کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے انہیں حراست میں لے لیا گیا ہے۔