جھوٹی بی جے پی پر بھروسہ نہ کیا جائے : اکھلیش

لکھنؤ 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے آج الزام عائد کیاکہ زرعی قرضوں کی معافی، جی ایس ٹی اور نوٹ بندی جیسے مسائل پر بی جے پی عوام کو گمراہ کررہی ہے اور دعویٰ کیاکہ ایک پارٹی ایسے جھوٹ پھیلا رہی ہے جن پر بھروسہ نہیں کیا جانا چاہئے۔ تاہم یوپی میں ہونے والے بلدی انتخابات سے قبل سابق چیف منسٹر اکھلیش کے ان تبصروں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بی جے پی نے کہاکہ عوام کی طرف سے مسترد کردہ افراد اس قسم کے واہیات الزامات عائد کررہے ہیں۔ اکھلیش نے الزام عائد کیاکہ خواہ مرکز میں نریندر مودی حکومت ہو کہ ریاست میں یوگی آدتیہ ناتھ حکومت، ان دونوں نے کوئی نمایاں فیصلے نہیں کئے ہیں۔ بی جے پی والے جھوٹے ہیں۔ مجھے حیرت ہے کہ عوام کس طرح ان پر بھروسہ کریں گے۔ اس پارٹی پر بھروسہ نہیں کیا جانا چاہئے‘‘۔ اکھلیش یادو اپنی پارٹی کے صدر دفتر پر سردار ولبھ بھائی پٹیل یوم پیدائش تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اکھلیش یادو نے کہاکہ ’’ایسی بھی چند قوتیں ہیں جو سماج میں تقسیم پر یقین رکھتے ہیں۔ وہ محض اپنے سیاسی فوائد کے لئے ایسا کرتے ہیں تاکہ اقتدار پر قبضہ کرسکیں‘‘۔ اس دوران بی جے پی کے ترجمان شالبھ منی ترپاٹھی نے یادو کے تبصروں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ان کی پارٹی (بی جے پی) عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور عوام کی قربت ایسے ناقدین کیلئے بہترین جواب ہے۔

 

ہماچل پردیش میں چیف منسٹر کے عہدہ کیلئے پریم کمار دھومل بی جے پی کے امیدوار
سولان 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے ہماچل پردیش کے سابق چیف منسٹر پریم کمار دھومل کو اس ریاست میں ہونے والے انتخابات میں چیف منسٹر کے عہدہ کے لئے اپنی پارٹی کا امیدوار نامزد کیا ہے۔ شاہ نے ایک جلسہ عام میں یہ اعلان کیا۔ جس کے ساتھ ہی اس اعلیٰ عہدہ کے لئے اس پارٹی کے امیدوار کے بارے میں جاری قیاس آرائیاں ختم ہوگئی ہیں۔ شاہ نے کہاکہ ’’بی جے پی، ہماچل پردیش میں پریم کمار دھومل کی قیادت میں انتخابات لڑرہی ہے۔ دھومل فی الحال سابق چیف منسٹر ہیں لیکن 18 ڈسمبر کے بعد وہ اس ریاست کے چیف منسٹر ہوں گے‘‘۔ ہماچل پردیش اسمبلی کے انتخابات 9 نومبر کو ہوں گے اور 18 ڈسمبر کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ مرکزی وزیر جے پی نڈا بھی اس عہدہ کے ایک طاقتور دعویدار تھے لیکن پہاڑی ریاست میں دھومل کے مضبوط عوامی رابطہ نے ان کے حق میں کام کر دکھایا۔