جھارکھنڈ میں انکاونٹر ایک نکسلائٹ شدید زخمی

گڑھوال ( جھارکنڈ ) ۔ یکم ۔ اپریل : (سیاست ڈاٹ کام ) : ضلع گڑھوال کے موضع چپلا میں آج صبح سویرے سی پی آئی (ماویسٹ) اور سیکوریٹی فورسیس کے درمیان انکاونٹر میں ایک نکسلائٹ زخمی ہوگیا ۔ پولیس نے بتایا کہ باوثوق ذرائع سے یہ اطلاع ملنے پر کہ ایریا کمانڈر بھانو کی زیر قیادت نکسلائٹس کل شب 11 بجے گاؤں میں اجلاس منعقد کررہے ہیں۔ سی آر پی ایف اور ضلع مسلح پولیس کی ٹیم وہاں پہنچ گئی اور گاؤں میں تلاشی لے رہی تھی کہ عسکریت پسندوں نے فائرنگ شروع کردی ۔ سیکوریٹی فورسیس نے بھی حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی جس میں ایک نکسلائٹ شدید زخمی ہوگیا ۔ اسے صدر ہاسپٹل گڑھوال میں شریک کروایا گیا ۔ تاہم بھانو اور اسکے 2 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ انکاونٹر کل شب شروع ہو کر آج صبح 5 بجے ختم ہوا جس میں تقریبا 100 راونڈس کا تبادلہ عمل میں آیا ۔
منی پور میں بم دھماکہ
امپھال۔یکم اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام) منی پور کے ضلع چورا چندرا پور میں ایک بم دھماکہ کا واقعہ پیش آیا۔ یہ دھماکہ جس علاقہ میں کیا گیا وہاں پر ایک مخصوص نسل فرقہ کے لوگ رہتے ہیں۔تاہم دھماکہ میں کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔پولیس کو شبہ ہیکہ ایک عسکریت پسند تنظیم نے جبراً رقومات کی وصولی کیلئے یہ دھماکہ کیا ہوگا لیکن مقامی افراد کا کہنا ہیکہ یہ دھماکہ دراصل ایک مخصوص فرقہ کو خوفزدہ کرنے کیلئے کیا گیا ہے۔