جگموہن ڈالمیا کے بی سی سی آئی صدر بننے کا امکان

چینائی ۔ یکم مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) سینئر کرکٹ منتظم جگموہن ڈالمیا امکان ہے کہ بہت جلد بی سی سی آئی کے صدر کی حیثیت سے واپسی کرینگے ۔ ایک دہے قبل تک وہ اس عہدہ پر فائز تھے ۔ سمجھا جارہا ہے کہ سبکدوش ہونے والے صدر این سرینواسن کے کیمپ نے جگموہن ڈالمیا کو اپنا متفقہ امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بی سی سی آئی کی صدارت کیلئے ایک اور دعویدار شرد پوار ایسٹ زون سے کسی کی تائید حاصلکرنے میں ناکام رہے جس کے بعد جگموہن ڈالمیا کی راہ ہموار ہوگئی ہے ۔ ایسٹ زون سے تائید نہ مل پانے کی وجہ سے شرد پوار نے مقابلہ سے دستبرداری اختیار کرلی تھی ۔ بی سی سی آئی کی تاخیر کا شکار سالانہ جنرل باڈی میٹنگ کل ہونے والی ہے ۔

سمجھا جارہا ہے کہ بورڈ کے موجودہ سکریٹری سنجے پٹیل اپنے عہدہ پر برقرار رہیں گے بشرطیکہ شرد پوار گروپ کے حامی انوراگ ٹھاکر مقابلہ نہ کریں۔ 70 سالہ جگموہن ڈالمیا کرکٹ اسوسی ایشن آف بنگال کے صدر ہیں اور انہیں ایسٹ زون سے دو ووٹ حاصل ہیں ۔ کل وہ اس عہدہ کیلئے اصل دعویدار کے طور پر ابھرے تھے کیونکہ سرینواسن کی حمایت کرنے والی تمام یونٹوں کیلئے کوئی دوسرا متفقہ امیدوار نہیں رہا ہے ۔ ڈالمیا کی کوششوں کو آج اور تقویت حاصل ہوئی کیونکہ شرد پوار ایسٹ زون سے کوئی ووٹ حاصل نہیں کرسکے ۔

اس بار ایسٹ زون کو صدارتی امیدوار نامزد کرنے کا حق حاصل تھا ۔ ایسٹ زون کی تمام چھ یونٹوں نے سرینواسن کے کیمپ کی تائید کی ہے اور ان کے حامیوں کا آج یہاں کل ہونے والی جنرل باڈی میٹنگ سے قبل اجلاس منعقد ہوا ۔ بی سی سی آئی ذرائع نے بتایا کہ اس بار ایسٹ زون کو موقع ہے جگموہن ڈامیا کو ایسٹ زون سے تجویز کنندہ اور حمایت کنندہ حاصل ہیں۔ آج تین بجے دن ان کی نامزدگی ہوئی ہے ۔ اگر انتخاب ہوتا ہے تو ہماچل کرکٹ اسوسی ایشن کے سربراہ انوراگ ٹھاکر سکریٹری کے عہدہ کیلئے شرد پوار کیمپ کے امیدوار ہونگے جبکہ گوا کے چیتن دیسائی کو بہار کرکٹ اسوسی ایشن کے امیتابھا چودھری کا مقبالہ کرنے کیلئے سرینواسن گروپ نے جوائنٹ سکریٹری کی حیثیت سے امیدوار بنایا ہے ۔ ہریانہ کے انیرودھ چودھری خازن ہونگے ۔