جگتیال۔ 21 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جگتیال ضلع میں مڈ ڈے میل ورکرس نے اپنی اجرتوں میں اضافہ کا مطالبہ کرتے ہوئے اور گزشتہ 6 ماہ کی تنخواہوں کو جاری کرنے کا مطالبہ کرتے آج CITU کی قیادت میں ضلع کلکٹریٹ پر احتجاجی دھرنا دیا۔ اس موقع پر مڈ ڈے میلس ورکرس نے میڈیا کو بتایا کہ گزشتہ 17 سال سے صرف ایک ہزار روپئے کی تنخواہ پر خدمات انجام دیتے آرہے ہیں۔ وہ بھی ہر ماہ نہیں دی جارہی ہے۔ گزشتہ 6 ماہ سے تنخواہ جاری نہیں کی گئی۔ ورکرس نے ہر ماہ 18,000 روپئے تنخواہ مقرر کرنے ، ریاستی حکومت کی جانب سے ترکاری اور انڈوں کی سربراہی اور ورکرس کو گزشتہ 8 ماہ سے انڈوں کے بقایاجات ادا کرنے مطالبہ کیا۔ ورکرس نے حکومت سے ایسے مدارس جہاں پر پکوان روم نہیں ہے، تعمیر کروانے کا مطالبہ کیا۔