جنرل باڈی اجلاس میں عہدیداروں پر کونسلرس کا اظہار برہمی
جگتیال۔/31اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بلدی عہدیداران کی کارکردگی پر کونسلرس نے برہمی کا اظہار کیا۔ عہدیداروں کے غیر ذمہ دارانہ فیصلوں سے عوام کو مالی نقصان ہورہا ہے۔ طئے بازاری بولی رد کردی گئی، بلدیہ جگتیال کا پہلا جنرل باڈی اجلاس چیر پرسن ٹی وجیہ لکشمی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے رکن اسمبلی ٹی جیون ریڈی نے شرکت کی۔ ایجنڈہ میں شامل 19 امور پر کونسلرس کے درمیان بحث و تکرار کے بعد 76لاکھ روپئے جنرل فنڈ سے شہر کے مختلف وارڈز میں ترقیاتی کام کیلئے منظور ہوئے۔ تمام پارٹیوں کے تعاون سے شہرمیں ترقیاتی کام انجام دینے چیرپرسن ٹی وجیہ لکشمی نے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر بلدیہ جگتیال کے اسٹانڈنگ کونسل سے متعلقہ کورٹ میں مختلف مقامات کیلئے ایڈوکیٹ ٹی سریندر کو لاکھوں روپیوں کی ادائیگی پر ٹی ڈی پی اور ٹی آر ایس کونسلر جیہ شری سریتا دیوی نے سخت اعتراض کیا جس پر ٹی آر ایس تلگودیشم اور کانگریس کے درمیان زبردست بحث و تکرار ہوئی۔ اس موقع پر بلدیہ آفس میں کرسیوں کی خریدی کیلئے 57,650 روپئے کی منظوری پر ٹی آر ایس اور تلگودیشم کونسلرس نے مخالفت کی۔ شہر میں صفائی چند وارڈس تک محدود ہے تمام وارڈس میں انجام دینے کا کونسلر کی جانب سے مطالبہ پر سنیٹری انسپکٹر وینکٹ سوامی نے بتایا کہ مزدوروں کو دوسری ضروریات کیلئے استعمال پر ہی یہ مسائل درپیش آرہے ہیں۔ پینے کے پانی کی سربراہی کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ فلٹر بیڈ پر صاف صفائی کیلئے کوئی اقدامات نہ کرنے ٹی آر ایس کونسلر دیویندر نائیک، اے کرشنا ہری نے الزام لگایا۔ شہر میں مختلف ترقیاتی کاموں کو وقت مقررہ پر مکمل نہ کرنے والے گتہ داروں کو بلاک لسٹ میں رکھنے کونسلر بھوما گوڑ نے مطالبہ کیا۔ عبدالباری کونسلر نے نیو بس اسٹانڈ کے قریب غیر مجاز تعمیرات کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر کونسلر راجندر نے مزدوروں کے پراویڈنٹ فنڈس کو صحیح ادائیگی پر بلدیہ پر معاشی بوجھ کم ہونے کا مشورہ دیا۔ کچے اور سوکھے کچرے پر عوام کو مزید بیدار کرنے کی لکشمی کونسلر نے خواہش کی۔ صفائی مزدوروں کے ٹنڈر کو دوبارہ طلب کرنے تمام پارٹیوں کے کونسلرس کے مطالبہ پر اس کو دوبارہ ٹنڈر طلب کرنے عہدیداران نے بتایا۔76لاکھ جنرل فنڈس سے 88وارڈ میں ترقی کے علاوہ 9.50 لاکھ سے میونسپل پارک میں نئے کھیل کود کے سامان کے علاوہ درستگی اور ٹائیلس وغیرہ نصب کئے جائیں گے اور اس فنڈ میں 53ہزار شہر میں گنیش نوراتری اتسو کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر رکن اسمبلی ٹی جیون ریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں چھوٹے تاجروں پر بوجھ کم کرنے کیلئے بازار کی بولی کو رد کرنے کی خواہش کی۔ سابق میں طئے بازاری کو رد رکنے سے ریاست میں جگتیال کو ماڈل میونسپل کا خصوصی ایوارڈ حاصل ہوا ہے۔ طئے بازاری کو رد کرنے بلدیہ کو 10لاکھ کا نقصان ہوگا لیکن وہیں 6ہزار خاندانوں کو فائدہ پہنچنے کی بات کہی۔ اس موقع پر وائس چیرمین سراج الدین منصور، کونسلرس منیر الدین اور دیگر موجود تھے۔