جڑچرلہ ۔ دیور کنڈا سڑک کو قومی شاہراہ بنایا جائیگا

حیدرآباد۔ 30 اگست (این ایس ایس) وزیر عمارات و شوارع ٹی ناگیشور راؤ نے آج تیقن دیا کہ پسماندہ پالمور کو پراجیکٹس کی بروقت تکمیل کیلئے ترجیح دی جائے گی۔ وزیر موصوف نے کہا کہ ضلع محبوب نگر میں جڑچرلہ سے ضلع نلگنڈہ میں دیور کنڈہ کو مربوط کرنے والی سڑک کو ایک قومی شاہراہ بنایا جائے گا۔ اس پراجیکٹ کیلئے کوشش کی جارہی ہے۔ پلاننگ کمیشن ڈپٹی چیف نرنجن ریڈی اور ایم ایل اے انجیا کے ساتھ شاد نگر میں ایک کروڑ روپئے مالیتی ترقیاتی کاموں میں حصہ لیتے ہوئے ناگیشور راؤ نے کہا کہ انہوں نے بھاری رقومات خرچ کرتے ہوئے اس ضلع کو ترقی دینے کا تہیہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ضلع محبوب نگر پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں جہاں آنے والے دنوں میں بڑی تبدیلیاں دیکھی جائیں گی۔ انہوں نے تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اتم کمار ریڈی پر تنقید کی کہ انہوں نے کانگریس حکومت میں جب وہ وزیر امکنہ تھے۔ ریاست میں ہاؤزنگ شعبہ کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سابق حکومت غریبوں کیلئے مکانات تعمیر کرنے میں بری طرح ناکام ہوگئی اور فنڈس کے کروڑہا روپئے کو لوٹا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حالانکہ کانگریس نے ریاست کو ترقی نہیں دی تاہم اتم کمار ریڈی اور دوسرے ترقی کی راہ میں آرہے ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ کانگریس یونٹ کے صدر سے کہا کہ وہ بیکار تبصرے کرنے سے باز آجائیں اور نئی ریاست کی تیز رفتار ترقی کیلئے تجاویز پیش کریں۔