جڈیجہ پہلے اور ویراٹ کوہلی پانچویں مقام پر فائز

ٹسٹ درجہ بندی میں دھون کو 21 مقامات کا فائدہ

دبئی ۔ یکم اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی اسپنر رویندر جڈیجہ آئی سی سی کی تازہ ترین ٹسٹ درجہ بندی میں ہنوز پہلے مقام پر فائز ہیں جبکہ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی بیٹسمینوں کی فہرست میں پانچویں مقام پر فائز ہیں۔ آئی سی سی نے جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے درمیان تیسرے ٹسٹ کے اختتام کے بعد نئی درجہ بندی جاری کردی ہے جس میں ہندوستانی بیٹسمین چیٹیشور پجارا سب سے بہتر مقام پر موجود ہیں جیسا کہ وہ بیٹسمینوں کی فہرست میں چوتھے مقام پر موجود ہیں نیز بائیں ہاتھ کے اوپنر شکھر دھون جنہوں نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹسٹ کی پہلی اننگز میں اپنے کیریئر کی بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے 190 رنز اسکور کئے جس کا انہیں صلہ 21 مقامات کی ترقی کی شکل میں ملا ہے۔ دھون اب 39 ویں مقام پر موجود ہیں۔ ٹسٹ کی تازہ ترین بیٹسمینوں کی درجہ بندی میں آسٹریلیائی کپتان اسٹیو اسمتھ پہلے مقام پر فائز ہیں جن کے بعد انگلینڈ کے کپتان جیوروٹ اور نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کا نمبر ہے۔ بولروں کی فہرست میں روی چندرن اشون نے سری لنکائی کارگذار کپتان رنگنا ہیراتھ سے دوسرا مقام دوبارہ واپس کرلیا ہے۔ تازہ ترین درجہ بندی میں ہیراتھ اب تیسرے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ ہندوستانی فاسٹ بولر محمد سمیع ایک مقام کی ترقی کے بعد اب 23 ویں مقام پر آچکے ہیں۔ جڈیجہ اور اشون ٹسٹ کے آل راونڈرس کی درجہ بندی میں دوسرا اور تیسرا مقام حاصل کرلیا ہے جبکہ بنگلہ دیش کے آل راونڈرس شکیب الحسن اس فہرست میں قائد ہیں۔ جنوبی افریقہ کے خلاف یادگار تیسرے ٹسٹ میں شاندار کارکردگی کرنے والے آل راونڈر بین اسٹوکس 12 مقامات کی چھلانگ لگاتے ہوئے مشترکہ 25 واں مقام حاصل کرلیا ہے جبکہ بولروں کی فہرست میں بھی انہیں دو مقامات کا فائدہ ہوا ہے جس کے بعد وہ 19 ویں مقام پر پہنچ چکے ہیں۔ علاوہ ازیں آل راونڈرس کی فہرست میں انہوں نے جنوبی افریقی فاسٹ بولر ورنان فیلنڈر سے پانچواں مقام چھین لیا ہے۔ آئی سی سی کی تازہ ترین درجہ بندی میں ہند۔ سری لنکا پہلے ٹسٹ میں اور جنوبی افریقہ ۔ انگلینڈ تیسرے ٹسٹ میں بہترین کارکردگی کرنے والے کھلاڑیوں کو قبل ذکر فائدہ ہوا ہے۔ ہندوستانی ٹیم جس نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹسٹ میں 304 رنز کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے تین مقابلوں کی سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل کرلی ہے۔ اس کامیابی نے کھلاڑیوں کی ٹسٹ درجہ بندی میں بھی بہتری کی ہے۔ انگلینڈ کے بیٹسمین جانی بیرسٹرو کو تین مقامات کی ترقی کے بعد نواں مقام ملا ہے جبکہ سابق کپتان اور بائیں ہاتھ کے اوپنر الیسٹر کک تین مقامات کی ترقی کے بعد 12 واں مقام حاصل کرلیا ہے۔ فاسٹ بولر جیمس اینڈرسن نے ایک مقام کی ترقی کے بعد مشترکہ تیسرا مقام حاصل کرلیا ہے۔ اوول کے ریکارڈ 100 ویں ٹسٹ میں پہلی ہیٹ ٹرک کرنے والے معین علی ایک مقام کی ترقی کے بعد 18 واں مقام حاصل کرلیا ہے۔