ساؤتھمپٹن ۔ 25 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ پر انگلش فاسٹ بولر جیمس اینڈرسن کے ساتھ پیش آئے واقعہ میں میچ ریفری ڈیون بون نے لیول 2 کے تحت قصوروار قرار دیتے ہوئے ان پر مقابلہ کی 50 فیصد فیس بطور جرمانہ عائد کیا ہے ۔ جڈیجہ ۔ اینڈرسن واقعہ دراصل دوسرے ٹسٹ کے دوسرے دن کھانے کے وقفہ کے دوران پیش آیا جہاں ہندوستانی کھلاڑیوں نے الزام عائد کیا ہے کہ اینڈرسن نے نہ صرف جڈیجہ سے بدتمیزی سے پیش آئے بلکہ انہیں ڈھکیلا بھی ہے۔ دریں اثناء انگلش کرکٹ ٹیم انتظامیہ اس واقعہ کو معمولی واقعہ قرار دیا تھا تاہم وہ اسے قابو کرنے میں ناکام رہا ۔
ڈیوڈ بون نے گزشتہ روز یہاں سنوائی میں دونوں کھلاڑیوں کو طلب کیا اور ان کے ہمراہ قانونی مشیر بھی موجود تھے اور بی سی سی آئی کے ایم وی سریدھر بھی موجود تھے ۔ یہ اجلاس تقریباً دو گھنٹے طویل رہا جس میں بون نے جڈیجہ کو قصوروار قرار دیتے ہوئے ان پر مقابلہ کی 50 فیصد فیس جرمانہ عائد کیا ۔ بون کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے قواعد اور دفعہ 6.1 کے تحت جڈیجہ قصوروار پائے گئے، لہذا ان پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔علاوہ ازیں بی سی سی آئی نے آج واضح کردیا ہے کہ وہ رویندر جڈیجہ کے خلاف سنائے گئے فیصلے اور ان پر عائد کئے جانے والے جرمانہ سے مطمئن نہیں ہے۔ بی سی سی آئی نے کہا ہے کہ وہ اپنے آل راؤنڈر کی مکمل حمایت کرتی ہے۔