دوبئی ۔ 8 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کھلاڑی رویندر جڈیجہ آج بنگلہ دیش کے شکیب الحسن سے آئی سی سی کی درجہ بندی میں آل راونڈر کا پہلا مقام چھین لیا ہے جیسا کہ سری لنکا کے خلاف منعقدہ دوسرے ٹسٹ کے بعد آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین درجہ بندی کے آل راونڈر زمرہ میں جڈیجہ اب نمبر ایک مقام پر پہنچ چکے ہیں۔ آل راونڈرس کی فہرست میں جڈیجہ کے فی الحال 438 نشانات ہیں جبکہ دوسرے مقام پر پہنچ چکے شکیب الحسن کے نشانات کی تعداد 431 ہے۔ بیٹسمینوں کی فہرست میں چیٹیشور پجارا 888 نشانات کے ذریعہ ایک مقام کی ترقی حاصل کی ہے۔ اب وہ بیٹسمینوں کی فہرست میں تیسرے مقام پر فائز ہیں جبکہ ویراٹ کوہلی 813 نشانات کے ذریعہ پانچویں مقام پر موجود ہیں۔ بیٹسمینوں کی فہرست میں آسٹریلیائی کپتان اسٹیو اسمتھ پہلے اور انگلش کپتان جیوروٹ دوسرے مقام پر فائز ہیں۔ جن بیٹسمینوں کو درجہ بندی میں ترقی میں ہے ان میں اجنکیا راہنے قابل ذکر ہیں جنہوں نے پانچ مقامات کی کی چھلانگ لگاتے ہوئے چھٹا مقام حاصل کرلیا ہے اور ان کے جملہ نشانات 776 ہیں۔ علاوہ ازیں اوپنر کے ایل راہول 737 نشانات کے ذریعہ گیارہویں مقام پر پہنچ چکے ہیں۔ سری لنکا کے خلاف حالیہ اختتام پذیر ٹسٹ جس میں ہندوستانی ٹیم نے ایک اننگز اور 53 رنز کی کامیابی حاصل کی جس میں جڈیجہ کا بیٹنگ شعبہ میں بھی متاثرکن مظاہرہ رہا جیسا کہ انہوں نے ناقابل تسخیر 70 رنز اسکور کرنے کے علاوہ 7 وکٹیں حاصل کیں جس میں دوسری اننگز کی پانچ وکٹوں کا مظاہرہ بھی شامل ہے۔ شاندار بیٹنگ کی بدولت جڈیجہ کو 9 نشانات کا فائدہ ہوا ہے جس کی بدولت وہ 51 ویں مقام پر پہنچ چکے ہیں۔ بولروں کی فہرست میں روی چندرن اشون کو ایک مقام کا نقصان، جس کے بعد وہ تیسرے مقام پر پہنچ چکے۔