جوکووچ کو ایک حیران کن شکست،میامی اوپن سے باہر

میامی۔24مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چھ مرتبہ کے چمپئپن اور سابق نمبر ایک کھلاڑی سربیا کے نوواک جوکووچ کی رواں سیزنمیں کامیاب واپسی کی کوششوں کو اس وقت زبردست جھٹکا لگا جب وہ میامی اوپن ٹینس ٹورنمنٹ کے پہلے مقابلے اوردوسرے مرحلے میں حیران کن شکست کے بعد باہر ہوگئے ۔جوکووچ کو فرانس کے بینوٹ پیئرے نے راست سٹوں میں 6۔3، 6۔4 سے شکست دی۔ نویں سیڈ جوکووچ کا شکست کے ساتھ ہی اس ٹورنمنٹ میں مسلسل16 میچ جیتنے کا سلسلہ ٹوٹ گیا۔ جوکووچ اس سے قبل گزشتہ ہفتہ انڈین ویلس میں بھی دوسرے مرحلے میں باہر ہوگئے تھے ۔ جوکووچ نے پچھلے چار برسوں میں 2014، 2015 اور2016 میں یہ ٹورنمنٹ جیتا تھا لیکن کُہنی کی چوٹ کی وجہ سے وہ گزشتہ برس نہیں کھیل پائے تھے ۔اس شکست نے جوکووچ کا فرانسیسی کھلاڑیوں کے خلاف لگاتار21 مقابلے جیتنے کا سلسلہ بھی ٹوٹ گیا۔ جوکووچ نے شکست کے بعد کہا کہ میں کوشش کررہا ہوں لیکن حالات میرے لئے سازگار نہیں ہیں۔ جب میں اس طرح کھیلتا ہوں تو مجھے واقعی بہت خراب لگتا ہے ۔جوکووچ اس سال کے شروع میں آسٹریلین اوپن کے چوتھے دور میں باہر ہوگئے تھے اور پچھلے ہفتے انڈین ویلس میں انہوں نے جو واحد میچ کھیلا اسے بھی گنوا بیٹھے ۔2007 کے سیزن کے اختتام کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب سربیائی کھلاڑی کو مسلسل تین ٹورنمنٹوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔دریں اثناء یان مارٹن ڈیل پوٹرو نے کافی سخت جدو جہد میں روبین ہاسے کو 6۔4، 5۔7، 6۔2 سے شکست دے کر اپنی متواتر 12 ویں کامیابی درج کی ہے ۔ پچھلے ہفتے نمبر ایک راجر فیڈرر کو فائنل میں شکست دینے والے ڈیل پوٹرو کو یہ میچ جیتنے میں دو گھنٹے نو منٹ کا وقت لگا۔کروشیا کے مارین سلچ نے فرانس کے پیئرے ہیوز ہربرٹ کو 7۔5، 6۔3 سے ہراکر تیسرے راؤنڈ میں رسائی حاصل کی۔