جوکووچ اور فیڈرر سنسناٹی فائنل میں آمنے سامنے

سنسناٹی۔ 19 اگست(سیاست ڈاٹ کام)دسویں سیڈ سربیا کے نوواک جوکووچ اور سوئزرلینڈ کے راجر فیڈرر نے سنسناٹی ماسٹرس ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا ہے اور دونو ں خطاب کیلئے مقابلہ کریں گے جبکہ خواتین کے سنگلز میں کیکی برٹینس اور سمونا ہالیپ کے مابین فائنل مقابلہ ہوگا۔ ناظرین سے بھرے سینٹر کورٹ پر جوکووچ نے چھٹی بار سنسناٹی فائنل میں جگہ بنائی۔ انہوں نے 2016 کے چیمپئن اور ساتویں سیڈ کروشیا کے مارن سلچ کو دلچسپ سیمی فائنل مقابلے میں 6-4، 3-6، 6-3 سے شکست دی۔ جوکووچ نے اسی کے ساتھ ٹورنامنٹ میں اپنی 31 ویں جیت بھی درج کر لی ہے ۔دوسری سیڈ فیڈرر نے اپنے سیمی فائنل میچ میں 11 ویں سیڈ بیلجئیم ڈیوڈ گوفن کے خلاف جیت درج کی جنہوں نے پہلے سیٹ کے ٹائی بریک میں سات۔چھ کے اسکور پر چوٹ کی وجہ سے میچ چھوڑ دیا۔ اسی کے ساتھ فیڈرر اور جوکووچ کے مابین فائنل میں مقابلہ ہوگا۔اگر سربیا ئی کھلاڑی خطاب جیت جاتے ہیں تو وہ اے ٹی پی گولڈن ماسٹرس خطاب جیتنے والے پہلے کھلاڑی بن جائیں گے ۔ یہ ورلڈ ماسٹرس 1000 چیمپئن شپ (کینیڈا، سنسناٹی، انڈین ویلز، میڈرڈ اوپن، میامی اوپن، مونٹی کارلو، پیرس، روم اور شنگھائی ماسٹرس) کے نو خطابوں کی سیریز ہے ۔جوکووچ نے دوسرا سیٹ گنوانے کے بعد فائنل سیٹ میں چار میں سے دو بریک پوائنٹس حاصل کیے اور پانچ۔تین کی برتری بنائی۔ انہوں نے پانچ ایس لگائے اور پہلے سروس پوائنٹ پر 90 فیصد پوائنٹس جیتے ۔