جونیر کالج نارائن پیٹ میں تقررات کا مطالبہ

سہولتوں کی عدم فراہمی سے طلبہ کا تعلیمی نقصان‘ایس آئی او کے وفد کی ڈپٹی چیف منسٹر سے نمائندگی
نارائن پیٹ 23 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گورنمنٹ جونیر کالج نارائن پیٹ میں لکچرروں کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات اور انفراسٹرکچر کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے ایس آئی او نارائن پیٹ کے ایک وفد نے جناب محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ سے حیدرآباد میں ملاقات کر کے نمائندگی کی ۔ ایس آئی او کے وفد میں جناب محمد راشد فیصل ریاستی قائد ‘ محمد ظہیر الدین صوفی صدر ضلع ایس آئی او محبوب نگر ‘ محمد انور پاشاہ یونٹ صدر نارائن پیٹ شامل تھے ۔ ایس آئی او کے وفد نے جناب محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ کو بتایا کہ گورنمنٹ جونیر کالج نارائن پیٹ میں اردو اور تلگو میڈیم کی متوازی جماعتیں قائم ہیں ۔ اردو میڈیم کے طلباء کی تعداد 340 ہے گذشتہ سال اس کالج کے طلباء نے اردو میڈیم زمرہ میں ریاستی سطح پر امتحانات میں پہلا مقام حاصل کیا تھا ۔ طالبات کی کثیر تعداد کے باوجود تقریبا 400 طالبات کیلئے طہارت خانہ اور بنیادی سہولیات موجود نہیں ہیں ۔کالج کی عمارت مخدوش ہوگئی ہے ۔ اردو میڈیم کے 3 لکچرر زوالوجی ‘ریاضی اور اردو کی جائیدادیں مخلوعہ ہیں کم از کم کنٹراکٹ لکچرروں کا تقرر بھی نہیں کیا گیا ہے پینے کے پانی کی سہولت موجود نہیں ہے ایس آئی او کے وفد نے کہا کہ تلنگانہ کو سنہرا تلنگانہ بنانے کیلئے ضروری ہے کہ سرکاری مدارس اور کالج کی تعلیم کو بہتر بنایا جائے تعلیم کو خانگیانے کی پالیسی پر جو آندھریائی طاقتیں عمل پیرا تھیں اس کا قلع قمع ہونا چاہئے بصورت دیگر غریب افراد تعلیم سے محروم ہوجائیں گے ۔ جناب محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ مسائل کو سامنے لانے سے ہی ان کی صورت گیری اور حل کا مسئلہ نکل سکتا ہے اور تیقن دیا کہ فی الفور گورنمنٹ جونیر کالج کے مسائل کو حل کرلیا جائے گا ۔ ایس آئی او کے وفد نے بعدازں ایک یادداشت کمشنر بورڈ آف انٹر میڈیٹ کے حوالے کی ۔