حیدرآباد ۔ 28 ۔ اپریل (سیاست نیوز) جوبلی ہلز پولیس نے اپنے حدود کے ایک پوش علاقہ میں قیمتی اراضی پر ناجائز قبضہ کی کوشش اور جعلسازی میں ملوث آٹھ کے منجملہ پانچ ملزمین کو گرفتار کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون کے بموجب ملزمین نے پتہ چلا لیا کہ جوبلی ہلز کوآپریٹیو ہاوز بلڈنگ سوسائٹی لمٹیڈ کے تحت پلاٹ نمبر 550-V کے مالکین ایک طویل عرصہ سے اپنے اس پلاٹ کو دیکھنے نہیں آئے ہیں۔ چنانچہ انہوں نے پڑوسی پلاٹ 550 کے بیع نامہ کی مصدقہ و مستند تفصیلات حاصل کرلیا اور اصل پلاٹ کی مالک خاتون لکشمی رگھو رامیا کے نام سے فرضی شناختی ووٹر کارڈ بنالیا۔ لکشمی رگھو رامیا کا 2003 ء میں انتقال ہوچکا تھا اور 83 سالہ شیلا بائی کی تصویر کے ساتھ اراضی کے مالک کی حیثیت سے جعلی شناختی کارڈ بنایا تھا ۔ بعد ازاں ملزمین 52 سالہ وڈے راملو (لیبر) ، 42 سالہ میر محسن محی الدین خان عرف خرم ولد میر کمال الدین علی خاں (بلڈر) ، 43 سالہ ملیپا کا سری ہری عرف ہری ولد جگنادھم (بزنس ملبوسات) ، 32 سالہ ماشش ناگیندر گپتا ولدل اشوک گپتا (فینانشیل اڈوائیزر) ، 46 سالہ خواجہ قطب الدین ولد خواجہ معین الدین (سیلزمین) ، 29 سالہ سید رضا ندیم ولد ایس ایس این حسینی (ایڈوکیٹ) اور نثار احمد نے پلاٹ نمبر 550 کی مستند دستاویزات کی بنیاد پرپلاٹ نمبر 550-V کو ایک کروڑ 70 لاکھ روپئے میں فروخت کرنے کی کوشش کی اور کہا کہ اس پلاٹ کی اصل قیمت 7 کروڑ روپئے ہے لیکن ان کے پاس لنک دستاویزات موجود نہ ہونے کے سبب وہ انتہائی سستی قیمت پر یہ اراضی فروخت کر رہے ہیں ۔ اس دوران اراضی کے اصل مالکین کو پتہ چلا کہ ان کا پلاٹ فروخت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، چنانچہ انہوں نے جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن سے رجوع ہوکر لینڈ گرابنگ کے خلاف شکایت درج کروائی۔ بعد ازاں پولیس نے 1982 ء کے قانون (انسداد) لینڈ گرابنگ آندھراپردیش کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے دھوکہ باز ملزمین کو پکڑنے کیلئے جال بچھایا۔ پولیس نے پانچ ملزمین کو گفتار کرلیا ۔ دو مفرور ہیں جبکہ آٹھویں ملزم 83 سالہ شیلا بائی کے نام نوٹس جاری کی گئی ہے۔ گرفتار شدہ پانچ ملزمین کے قبضہ سے بیع نامہ کی اصل دستاویزات، شیلا بائی کا جعلی ووٹر شناختی کارڈ اور ایک ایچ پی لیاپ ٹاپ ضبط کرلیا ۔ ملزم نمبر ایک اور ملزم نمبر دو مفرور ہیں۔ جوبلی ہلز کے سب انسپکٹر کے ویرا بھدرا راؤ نے انسپکٹر ایس وینکٹ ریڈی کی اور ڈی ادے کمار ریڈی اسسٹنٹ کمشنر پولیس بنجارہ ہلز ڈیویژن کی قیادت اور ڈی سی پی ویسٹ زون کی راست نگرانی میں یہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمین کو گرفتار کیا۔