غریبوں اور کسانوں کے کھاتوں کو کالادھن جمع کرنے والوں کے استحصال سے بچانے آر بی آئی کا اقدام
ممبئی ۔ 30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کالے دھن کا ذخیرہ کرنے والوں کی جانب سے جن دھن اکاؤنٹس کے بیجا استعمال کی روک تھام کیلئے ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے اس کھاتہ سے ماہانہ 10,000 روپئے رقم نکالنے کی حد مقرر کی ہے۔ آر بی آئی نے آج اپنے اعلامیہ میں اس فیصلہ کو عارضی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’پردھان منتری جن دھن یوجنا کے کھاتے رکھنے والے سادہ لوح کسانوں اور دیہی عوام کو رقمی ہیر کرنے والوں سے بچانے اور انسدادی قوانین کی خلاف ورزی سے بچانے کیلئے جن دھن یوجنا سے رقومات نکالنے کی ایک حد مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت 9 نومبر 2016ء کے بعد ان کھاتوں میں جمع کردہ رقومات کے نکالنے پر یہ حد لاگو ہوگی‘‘۔ جدید اقدامات کے تحت کے وائی سی کے پابند جند دھن کھاتہ داروں کو ماہانہ 10,000 روپئے نکالنے کی اجازت رہے گی لیکن محدود یا غیر کے وائی سی کھاتہ ماہانہ صرف 5000 ہزار روپئے نکال سکتے ہیں۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہیکہ بینک منیجرس ان کھاتہ داروں کے حقیقی ہونے کا یقین کرنے کے بعد ایسے کھاتہ داروں کو ماہانہ 10,000روپئے سے زائد رقم نکالنے کی اجازت بھی دے سکتے ہیں۔ جہاں تک ڈپازٹ کا معاملہ ہے جن دھن کھاتہ داروں کیلئے 50,000 جمع کرنے کی حد مقرر کی ہے لیکن مرکز کی جانب سے نوٹوں کی منسوخی کے بعد جن دھن کھاتوں کے ڈپازٹس میں بھاری اضافہ دیکھا گیا ہے۔ کئی صورتوں میں جمع کردہ رقم 49,000 روپئے سے زائد ہے۔ یہ اطلاعات بھی ہیں کہ بالخصوص دیہاتوں میں بعض ایسے افراد کے کھاتے تھے جن میں نوٹوں کی منسوخی کے اعلان تک ایک روپیہ بھی جمع نہیں تھا لیکن اس اعلان کے بعد ڈپازٹس میں بھاری اضافہ ہوا ہے۔ حکومت کو شبہ ہیکہ کالادھن رکھنے والے افراد دیہی علاقوں میں کسانوں اور دیگر افراد کے جن دھن کھاتوں کا استعمال کررہے ہیں تاکہ ان میں کالادھن رکھتے ہوئے اس کو بہ آسانی قانونی دولت میں تبدیل کیا جاسکے۔ 500 اور 1000 روپئے کے کرنسی نوٹ کی منسوخی کے بعد جن دھن کھاتوں کے ڈپازٹس میں اندرون 14 دن 27,200 کروڑ روپئے کا اضافہ ہوا ہے۔ اس طرح 25.68 کروڑ جن دھن کھاتوں میں 23 نومبر تک 72,834.72 کروڑ روپئے جمع ہوگئے۔ تاہم 22.94 جن دھن کھاتوں میں ہنوز زیروبیلنس ہے۔