جنگ بندی کی خلاف ورزیاں ، ہند ۔ پاک فلیگ میٹنگ

جموں ۔ 27 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سرحد پر سیول جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر پاکستان کے خلاف اپنا احتجاج درج کرانے کے ایک دن بعد ہندوستان نے پاکستان کے ساتھ سرحدی کشیدگی کو دُور کرنے کی کوشش کی ہے۔ دونوں جانب سے تعلق رکھنے والے کمانڈر سطح کے عہدیداروں کی ایک فلیگ میٹنگ منعقد ہورہی ہے۔ اس ملاقات میں سرحد پر پائی جانے والی کشیدہ صورتِ حال کو دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ بی ایس ایف کے ایک عہدیدار نے کہا کہ بی ایس ایف اور پاک رینجرس کے درمیان فلیگ میٹنگ منعقد ہوگی اور بین الاقوامی سرحد پر اس میٹنگ کے مثبت نتائج آنے کی توقع ہے۔ جموں کے اکھنور سیکٹر میں پرگول دور دراز سرحدی پٹی پر دونوں جانب کے عہدیدار ملاقات کررہے ہیں۔ بی ایس ایف کی جانب سے رسمی طور پر پاکستانی رینجرس کو ہندوستان کے احتجاج سے واقف کروایا جائے گا۔ پاکستان کی جانب سے ہندوستانی چوکیوں اور شہری علاقوں پر کی جارہی فائرنگ اور شلباری کے ساتھ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی جانب توجہ دلائی جائے گی۔