منچریال۔ 31 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) منچریال ضلع فاریسٹ ڈیویژن میں گزشتہ ماہ چیتے اور شیر کی شکاریوں کے ہاتھوں ہلاکت کا سخت نوٹ لیتے ہوئے محکمہ جنگلات نے ملزمین کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے تحقیقات کو آگے بڑھایا اور محکمہ جنگلات کے عہدیداران کے خلاف بھی مختلف شکایات اور لاپرواہی کے الزامات کے تناظر میں بھی تحقیقات کی گئیں۔ جنگلی جانوروں کے تحفظ میں ناکامی پر محکمہ کے چار عہدیداروں کو خاطی پایا گیا۔ منچریال ڈی ایف او وینکٹیشور راؤ نے جئے پور ایف بی او جیوتی کو معطل کردیا اور دیگر 3 عہدیداروں کے خلاف چارج میمو جاری کیا گیا۔ انہوں نے تمام عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے فرائض کو بخوبی انجام دیں، بصورت دیگر سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔