بغداد۔9 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) عراق میں حکومت کے خلاف سرگرم شدت پسند جنگجو تنظیم دولت اسلامیہ عراق و شام ‘داعش’ نے دارلحکومت بغداد کے جنوب مغرب میں کیمیائی ہتھیاروں کو ذخیرہ کرنے والے ایک سٹور پر قبضہ کر لیا ہے۔داعش کے قبضے میں جانے والی کیمیاوی مواد کے یہ ذخیرے ماضی میں مہلک اعصاب شکن گیس سے بھرے راکٹ سمیت دوسرا کیمیائی وار فیئر مواد سٹور کرنے کیلئے استعمال ہوتے تھے۔ العربیہ نیوز چینل کے مطابق اس امر کا انکشاف اقوام متحدہ میں عراقی سفیر محمد الحکیم نے یو این جنرل سیکرٹری بین کی مون کے نام اپنے ایک خط میں کیا ہے۔ محمد الحکیم نے اپنے خط میں بتایا کہ "شمالی بغداد میں المثنی فیکٹری ہمارے کنڑول سے نکل چکی ہے۔” عراقی سفیر کے بقول متروکہ کیمیائی ہتھیاروں کے پروگرام میں استعمال ہونے والا مواد اسی فیکٹری کے زمین دوز خفیہ خانوں میں موجود ہے، جس پر مسلح جنگجو قبضہ کر سکتے ہیں۔