جنونی عاشق کے حملہ میں نند کو بچانے کی کوشش میں زخمی بھاوج کی موت

حیدرآباد ۔14 اکٹوبر ( سیاست نیوز) ٹپہ چبوترہ واقعہ میں شدید زخمی عظیمہ بیگم علاج کے دوران فوت ہوگئی جو جنونی عاشق کے حملہ سے نند کو بچانے کی کوشش کے دوران جھلس گئی تھی ۔ یاد رہے کہ 6 اکٹوبر کے دن ابراہیم نامی نوجوان نے ٹپہ چبوترہ علاقہ پہنچ کر شبانہ بیگم کو زندہ جلا دیا تھا جس نے اس سے شادی کرنے سے انکار کردیا تھا۔ ابرہیم شادی شدہ ہونے کے سبب شبانہ اور ان کے گھر والوں نے شادی سے انکار کیا تھا ‘ جن کی دوستی فیس بُک کے ذریعہ ہوئی تھی ۔ شبانہ 6 اکٹوبر کی رات ہی فوت ہوگئی تھی 7 اکٹوبر کے دن ابراہیم جانبر نہ ہوسکا جبکہ عظیمہ شدید جھلسی ہوئی حالت میں زیر علاج تھی ‘ جو کل رات فوت ہوگئی ۔ اس سلسلہ میں انسپکٹر ٹپہ چبوترہ مسٹر آنند نے بتایا کہ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔