سنگاپور، 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کوریا کی معزول صدر پارک گوئن ہے کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔عدالت کے ایک ترجمان نے بتایا کہ محترمہ گوئن پر بدعنوانی اور اقتدار کے غلط استعمال کا الزام تھا اور اسی وجہ سے انہیں صدر کے عہدہ سے بھی برخاست کیا گیا تھا۔اس سے پہلے سیول سنٹرل ڈسٹرکٹ کورٹ نے رشوت لینے ، اختیارات کا غلط استعمال کرنے ، طاقت کا غلط استعمال اور خفیہ سرکاری معلومات لیک کرنے کے الزام میں انکے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری کیا تھا۔گوئن کو 20دن کی حراست میں رکھا جا سکتا ہے جہاں ان سے ان پر لگے الزامات کے سلسلے میں پوچھ گچھ کی جائیگی۔ گوئن کو گزشتہ ماہ صدر کے عہدہ سے ہٹا دیا گیا تھا۔ اگر وہ ان معاملات میں قصوروار قرار دی جاتی ہیں، تو 10 سال سزا کا قانون ہے ۔